پری مون سون بارشوں کے کپاس کی فصل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ، ماہرین زراعت

جمعرات 2 جولائی 2015 14:09

فیصل آباد ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) جامعہ زرعیہ فیصل آبادکے ماہرین زراعت نے کہاہے کہ بارشوں سے ہوامیں موجود نمی میں اضافہ ہو گیا ہے تاہم موجودہ پری مون سون بارشوں کے کپاس کی فصل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے نیز فصل پر گزشتہ سال کی نسبت ضرررساں کیڑوں کا حملہ بھی کم دیکھنے میں آرہاہے مگر پھر بھی کاشتکار بارشوں کے دوران کپاس کی بہتر دیکھ بھال کیلئے ہفتہ میں 2بار پیسٹ سکاؤٹنگ یقینی بنائیں ۔

انہوں نے کہاکہ امسال اب تک موزوں موسمی حالات کی وجہ سے کپاس کی فصل بہتر نشوونما کررہی ہے اورفصل پر نقصان رساں کیڑوں بالخصوص سفید مکھی ،سبز تیلے اور تھرپس کا حملہ گزشتہ سالوں کی نسبت کم دیکھنے میں آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بارشوں سے ہوا میں نمی بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے سفید مکھی کے حملہ کا امکان بڑھ جاتا ہے اورسفید مکھی کے بالغ اور بچے پتوں کی نچلی سطح سے رس چوس کر پودے کو کمزور کردیتے ہیں جس سے پھول ، ڈوڈی اور ٹینڈے لگنے کا عمل متاثر ہوتا ہے ۔

(جاری ہے)

مزید برآں سفید مکھی رس چوسنے کے دوران میٹھا لیسدار مادہ خارج کرتی ہے جس سے پتوں پرسیاہ اُلی لگنے سے ضیائی تالیف کا عمل متاثر ہوتا ہے اور پیداوار میں کمی واقع ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پانچ بالغ یا بچے یایہ دونوں ملا کرپانچ فی پتہ سفید مکھی کی معاشی نقصان کی حد ہیں اس لئے سفید مکھی کا حملہ معاشی نقصان کی حد تک پہنچنے پر محکمہ زراعت توسیع یا پیسٹ وارننگ کے مقامی عملہ کے مشورہ سے نئی کیمسٹری کی زہروں کا سپرے کیاجائے ۔

انہوں نے کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ فصل کپاس میں موجودہ بارشوں کا پانی زیادہ دیر تک کھڑا نہ رہنے دیں کیونکہ اس سے پودوں کی جڑوں کو آکسیجن کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے خوراک بنانے کا عمل متاثر ہوتا ہے اورپودوں پر موجود پھول وڈوڈی کا کیرا بڑھ جاتا ہے نیز اگیتی کاشتہ کپاس کے کھلنے والے ٹینڈوں کی کپاس کے ریشہ کی کوالٹی متاثر ہوتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ بارشوں کا پانی اگر 24گھنٹے کھیت میں کھڑا رہ جائے تو پودوں کی بڑھوتری متاثر ہوتی ہے جبکہ یہ پانی 48گھنٹے سے زائد کھیت میں کھڑا رہ جائے تو پودے مرجھانے لگتے ہیں۔ انہوں نے کاشتکاروں کو ہدایت کی کہ زیادہ بارشوں کے پانی کو فوری طورپر کپاس کے کھیتوں سے چارہ ،دھان اور کماد کی فصلوں کے کھیتوں میں نکال دیں اور بارشوں کا عمل زیادہ دنوں تک ہونے کی صورت میں پودوں کی خوراک کی کمی کو پورا کرنے کیلئے دوفیصد یوریا کا محلول بنا کر سپرے بھی کیاجائے ۔