دھان کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے رائس ملوں سے چاول کے حاضرسٹاک کی رپورٹ طلب کر لی گئی

جمعرات 2 جولائی 2015 14:10

فیصل آباد ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) دھان کے کاشتکاروں کو درپیش مشکلات اور آئندہ فصل کے مسائل کے حل کے لیے رائس ملوں سے چاول کے حاضرسٹاک کی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ تمام ملز مالکان تفصیلی رپورٹ آئندہ تین روز میں دفتر ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) زراعت ہاؤس 21ڈیوس روڈ لاہورمیں جمع کروادیں۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ تصدیق شدہ چاول سٹاک 2013-14ء اور2014-15ء کی درست اطلاع کے ساتھ متعلقہ اداروں سے بات چیت کی جائے گی تاکہ چاول کے کاروباری حضرات کی مشکلات کا حل نکالا جائے اور آنے والی فصل سے کاشتکاروں کے لیے مناسب قیمت کا بندو بست کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایاکہ رپورٹ کے فارمز چاول کی تنظیموں اور مارکیٹ کمیٹیوں کے ذریعے مل مالکان کو ارسال کر دیے گئے ہیں جن سے مل مالکان فارم حاصل کر کے اپنی تنظیم کے توسط سے یا براہ راست جمع کروا سکتے ہیں۔