گوجرانوالہ : پل ٹوٹنے سے ٹرین کی 4بوگیاں نہر میں جا گریں ،زخمی ہسپتال منتقل، امدادی کارروائیاں جاری

جمعرات 2 جولائی 2015 14:52

گوجرانوالہ : پل ٹوٹنے سے ٹرین کی 4بوگیاں نہر میں جا گریں ،زخمی ہسپتال ..

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔2جولائی2015ء) گوجرانوالہ میں پل ٹوٹنے کے باعث فیصل آباد سے وزیرآباد جانے والی ٹرین کی 4 بوگیاں نہر میں گرگئیں، امدادی ٹیموں نے دس زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔ وزیر اعظم نوازشریف نے گوجرانوالہ کے ٹرین حادثے پرافسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے مسافروں کو انکے علاقوں میں پہنچانے کیلئے اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے گوجرانوالہ ٹرین حادثہ کودہشت گردی کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج گوجرانوالہ میں ٹرین کی چار بوگیاں پل ٹوٹنے سے نہر میں جا گریں۔ حادثے کا شکار ہونے والی ٹرین سکھر ڈویژن سے راولپنڈی جا رہی تھی کہ پل ٹوٹ گیا جس سے 4 بوگیاں نہر میں جا گریں۔

(جاری ہے)

خصوصی ٹرین میں مسافر اور مال گاڑی کی بوگیاں تھیں، ٹرین کا انجن مکمل طور پر نہر میں ڈوب گیا۔

بعدازاں امدادی ٹیموں نے دس زخمی مسافروں کو ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے گوجرانوالہ میں ٹرین حادثے پر آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی جبکہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گوجرانوالہ ٹرین حادثے پر دہشت گردی کا خدشہ ظاہر کردیا۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب جواد رفیق ملک نے گوجرانوالہ کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔