اقوام متحدہ میں امن ، سیکیورٹی اور ڈویلپمنٹ کیلئے پاکستان کی آواز سنائی دینی چاہئے، پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ میں موثر کردار ادا کیا ، اقوام متحدہ کے امن دستوں میں سب سے بڑا حصہ پاکستان کا ہے ، عالمی امن سلامتی اور ترقی کے امور پر اقوام متحدہ میں پاکستان کا موثر موقف پیش کیا جائے

وزیراعظم نواز شریف کی اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 2 جولائی 2015 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) وزیراعظم نواز شریف نے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ہدایت کی ہے کہ اقوام متحدہ میں امن ، سیکیورٹی اور ڈویلپمنٹ کیلئے پاکستان کی آواز سنائی دینی چاہئے، پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ میں موثر کردار ادا کیا ، اقوام متحدہ کے امن دستوں میں سب سے بڑا حصہ پاکستان کا ہے ، عالمی امن سلامتی اور ترقی کے امور پر اقوام متحدہ میں پاکستان کا موثر موقف پیش کیا جائے ۔

جمعرات کو وزیراعظم نواز شریف سے اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے ملاقات کی ، ملاقات میں وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ اور جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے امور پر گفتگو کی گئی۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے وزیراعظم نواز شریف کو اقوام متحدہ کی رواں سال سرگرمیوں سے متعلق بھی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے عالمی امور پر پاکستان کے موثر کردار سے متعلق ڈاکٹر ملیحہ لودھی کی رہنمائی کی ۔

وزیراعظم نواز شریف رواں سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے اور اپنے خطاب میں پاکستان کی خارجہ پالیسی اور قومی ترجیحات پر روشنی ڈالیں گے ۔ وزیراعظم نواز شریف مختلف ملکوں کے سربراہان سے بھی ملاقات کریں گے ۔ وزیراعظم نواز شریف نے ملاقات میں ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ہدایت کی کہ امن ، سلامتی اور ترقی کے امور پر اقوام متحدہ میں پاکستان کی موثر آواز سنائی دینی چاہیے ، پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ میں موثر کردار ادا کیا ہے ، اقوام متحدہ کے امن دستوں میں بھی سب سے بڑا حصہ پاکستان کا ہے ۔