عبرانی ٹی وی نے میرین پر صہیونی فوج کے حملے کی ویڈیو جاری کردی

جمعرات 2 جولائی 2015 15:10

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) اسرائیلی عبرانی ٹی وی نے غزہ کی پٹی کیلئے امدادی سامان لیکر آنیوالے فریڈ فلوٹیلا3 میں شامل سویڈش جہاز میرین کو کھلے سمندر میں روک کر اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے امدادی کارکنوں پر وحشیانہ تشدد کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یرغمال بنائے گئے امدادی کارکنوں کو تفتیش کے دوران بجلی کے جھٹکے لگائے جاتے رہے ہیں۔

عبرانی ٹی وی نے فریڈم فلوٹیلا میں شامل جہاز میرین پراسرائیلی فوج کے کھلے سمندر میں حملے کے مناظر کھائے ہیں، ان مناظر میں صہیونی فوجیوں کو جہاز پرچڑھتے، اہم رہنماؤں سے مذاکرات کرتے اور عام امدادی کارکنوں پرتشدد کرتے دکھایا گیا ہے۔فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ صہیونی بحریہ کے اہلکار بحری جہاز پرسوار ہونے کے بعد اسرائیل کے عرب رکن پارلیمنٹ باسل عطاس کے پاس گئے ان سے مذاکرات کیے۔

(جاری ہے)

اس دوران صہیونی فوجیوں کو سابق تیونسی صدر ڈاکٹر منصف المزوقی کے ساتھ بھی ایک تیسرے فریق کے ذریعے بات چیت کرتے دکھایا گیا ہے۔ تاہم فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ جہاز میں گھسنے کے بعد قابض فوج نہایت وحشیانہ انداز میں امدادی کارکنوں پر تشدد کررہے ہیں۔اسرائیلی فوجیوں نے جہاز پر حملہ اس وقت کیا جب جہاز غزہ کی پٹی کے ساحل سے 180 کلو میٹرکی مسافت پر مصر کی بور سعید اور العریش بندرگاہوں کے درمیان تھا۔اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہوں نے فلوٹیلا کے کارکنوں کو وارننگ دی تھی کہ وہ غزہ کی طرف نہ بڑھیں لیکن ان کی وارننگ کی پرواہ نہیں کی گئی۔ اس کے باوجود فوج نے بغیرکسی قسم کے تشدد کے جہاز پرکنٹرول حاصل کرلیا اور بعد ازاں اسے اشدود بندرگاہ لے جایا گیا ہے۔