اسرائیلی فوج کا کریک ڈاؤن، جون میں 65 بچوں،26 خواتین سمیت 370 فلسطینی گرفتار کئے گئے

جمعرات 2 جولائی 2015 15:10

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء)فلسطین میں پچھلے ماہ جون میں صہیونی فوج کی جانب سے نہتے فلسطینیوں کیخلاف کریک ڈاؤن میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق جون میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں 65 بچوں اور 26 خواتین سمیت 370 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔انسانی حقوق کی تنظیم مرکز برائے اسیران سٹڈی سنٹر کی رپورٹ کے مطابق صہیونی فوجیوں نے جون میں مقبوضہ مغربی کنارے سے 130 ، بیت المقدس سے 100 اور غزہ کی پٹی سے 24 افراد کو حراست میں لیا۔

ان میں 65 کم عمربچے اور 26 خواتین بھی شامل ہیں۔حراست میں لیے جانے والوں میں یاسر صالح الحطاب جو ایک فلاحی ادارے کے ملازم ہیں بھی شامل ہیں انہیں بیت حانون گذرگاہ سے حراست میں لیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ایک محبوط الحواس عمر السعدی نامی شہری کو حراست میں لیا گیا۔ محروسین میں فاطمہ ابو سبیتان نامی ایک ایک صحافیہ بھی شامل ہیں۔انسانی حقوق کے مندوب ریاض الاشقر نے بتایا کہ جون میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں میں اٹھارہ سال سے کم عمر کے 65 بچوں کو حراست میں لیا گیا۔ حراست میں لئے جانیوالے بچوں میں احمد جاسم شویکی کی عمر صرف 9سال ہے۔ صہیونی فوج کی کارروائیوں میں 26خواتین کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں سے 19کی گرفتاری بیت المقدس سے عمل میں لائی گئی۔