قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ سے غریبو ں کو حقوق ان کے گھروں کی دہلیز پر ملیں گے ،عبدالرشید ترابی

جمعرات 2 جولائی 2015 15:15

باغ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ قرآن وسنت کے نظام کے نفاذ سے غریبو ں کو حقوق ان کے گھروں کی دہلیز پر ملیں گے ،جب میں ممبر اسمبلی تھا حلقے میں ایم ایل اے فنڈ ز متعارف کروایا تو حکمرانوں کی چیخیں نکلیں،حکمرانوں کے دلوں سے خوف خدا ختم ہو چکا ہے اپنے پیشے سے انصاف کرنے کے بجائے اپنے حواریوں کو نواز رہے ہیں جماعت اسلامی اس خطے کی سب سے بڑی اسلامی نظریاتی جماعت ہے اللہ کی دھرتی پر اللہ کے دین کے قیام کے لیے جدوجہد کررہے ہیں جماعت اسلامی نبی کے مشن کو لے کر نکلی ہے عوام اور نوجوان ہمارا ساتھ دیں تو خطے میں حقیقی تبدیلی لائیں گے ،حاجی عبدالغنی کی طرف سے دئیے گئے افطار ڈنر سے مسلم لیگ ن وسطی باغ کے صدر حاجی عبدالحکیم یونین کونسل بنی پساری کے امیر آزاد طارق سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،اس موقع پر عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اسلامی تعلیمات سے دوری اور قرآن کے نظام کو چھوڑ کر پوری امت آج شدید مشکلات و مسائل کا شکار ہے ہمارے خطے میں بھی عوام کا مسائل ذدہ ہونا اسلامی تعلیمات سے دوری کے باعث ہے رمضان المبارک تقویٰ اختیار کرنے کا اللہ کے قرب حاصل کرنے کا ذریعہ ہے جس طرح اس ماہ مبارک میں لوگ اللہ کے احکامات بجا لاتے ہیں اور قرآن کی تلاوت کرتے ہیں اسی طرح دیگر گیارہ مہینوں میں بھی یہی عمل دھرانے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ اللہ کی دھرتی پر اللہ کے دئیے گئے نظام کے قیام کے بغیر نہ ہماری دنیا سنور سکتی ہے اور نہ ہی آخرت میں ہمارا کوئی حصہ ہو سکتا ہے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اس خطے کی سب سے بڑی اسلامی اور نظریاتی تحریک ہے جو اپوزیشن میں ہونے کے باوجود بھی عوام کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ قوم کو انقلاب کی تیاری پر جمع کررہی ہے جماعت اسلامی الخدمت سمیت اپنے دیگر رفاعی اداروں کے ذریعے کروڑوں روپے کے منصوبوں پر کام کررہی ہے یتیموں کی کفالت کررہی ہے بیواؤں کا سہارا بن رہی ہے ،صحت کے میدان میں گران قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے تحریک آزادی کشمیر میں لازوال کردار ادا کررہی ہے انہوں نے کہا کہ عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کریں ان کے بنیادی مسائل 5سالوں میں حل کر دیں گے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن اپنے اس پیغام کو قریہ قریہ پہنچائیں لوگوں کو جماعت اسلامی میں شامل کریں حقیقی تبدیلی صرف جماعت اسلامی ہی لا سکتی ہے ۔