نوجوان (ن) لیگ کا سرمایہ ہیں، مسائل کا حل ن لیگ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، راجہ فاروق حیدر خان

جمعرات 2 جولائی 2015 15:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ نوجوان مسلم لیگ(ن) کا سرمایہ ہیں اور ان کے مسائل کا حل مسلم لیگ(ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وقت کا تقاضا ہے کہ نوجوان نسل بھی اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے خود کونئے دور کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے تیارکرے ۔

پیپلز پارٹی نے کر پشن، اقرباپروری اور سرکاری وسائل کی لوٹ مار کو فروغ دیا اور حکمرانوں کی بیڈ گورننس کی وجہ سے تمام ادارے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں، پیپلز پارٹی کی بداعمالیوں کی سزا آنے والی نسلوں کو بھگتنی پڑے گی۔ تحریک انصاف تبدیلی کے نام پر نئی نسل کو گمراہ کر رہی ہے، بیرسٹر سلطان کسی بھی سیاسی جماعت میں ہوں ان کا مقصدحصول اقتدارہے چار سال زرداری ہاؤس کا طواف کرتے رہے اب تحریک انصاف کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنا نا چاہتے ہیں لیکن انہیں کچھ حاصل ہونے والا نہیں کیونکہ آزاد خطہ کے عوام مسلم لیگ(ن) کیساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ(ن) قائد پاکستان محمد نواز شریف کے ویژن اور منشور کے مطابق کارکردگی کی بنیاد پر آزاد کشمیر کے عوام کے پاس جائے گی اور الیکشن میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے ایک نئے معاشرے کی بنیاد رکھے گی جس میں تعلیم، صحت، عدل انصاف اور معاشی ترقی کے مواقع یکساں بنیادوں پر میسر ہونگے۔

ان خیالات اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر برطانیہ کے چیئرمین یوتھ بورڈ راجہ شفاقت انور اور مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر برطانیہ کے جائنٹ سیکرٹری راجہ زاہد محمود کی طرف سے دئیے جانے والے افطار و ڈنر میں گفتگو کے دوران کیا۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے مرکزی نائب صدر سردار نسیم سرفراز، ڈپٹی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سردار عبدالخالق وصی، امیدوار اسمبلی راجہ نوید ا ختر گوگا، مرکزی رابطہ سیکرٹری ذوالفقار علی ملک، ممبر جنر ل کونسل راجہ ریاست خان، ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات حاجی افتخار خادم، روزنامہ مشرق کے ایڈیٹر امجد یونس، کوآرڈینیٹر اوور سیزراجہ امیر خان، مختار گیلانی،یوتھ کے راہنما راجہ افتخار آف سہنسہ،نصیر اختر موجود، عثمان گیلانی، سہیل ملک،راجہ قیصر مجید،راجہ امتیاز، راجہ قیصر مجید، راجہ عمران، راجہ زبیر خان اور دیگر بڑی تعداد میں موجود تھے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ہمارا مقصد اک صاف اور شفاف معاشرے کا قیام اور آزاد خطہ میں عوامی حقوق اور لوگوں کے عزت نفس کی بحالی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ یہاں کے لوگوں کو بھی باعزت روزگار ملے، تعمیر وترقی ہو اور یہاں کے لوگ بھی چین اور خوشحالی کی زندگی بسر کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگی کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور قائد پاکستان محمد نواز شریف کا پیغام آزاد کشمیر کے گھر گھر پہنچائیں آنے والا وقت مسلم لیگ(ن) کا ہے۔

متعلقہ عنوان :