سورج مکھی کی کاشت جلد از جلد مکمل کی جائے ، محکمہ راعت پنجاب

جمعرات 2 جولائی 2015 15:17

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) محکمہ زراعت پنجاب راولپنڈی کے ترجمان نے کہا ہے کہ سورج مکھی کی کاشت جلد از جلد مکمل کی جائے کیونکہ اس کے بیجوں میں 45 فیصد تک خوردنی تیل پایا جاتا ہے جو کہ ملکی خوردنی تیل کی ضروریات کو پورا کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ سورج مکھی کی فصل 100سے 120 دن میں تیار ہوجاتی ہے۔ موسم خزاں کی فصل شمالی پنجاب میں جولائی سے کاشت کی جاسکتی ہے اس لئے کاشتکار سورج مکھی کی کاشت کیلئے زمین کی تیاری، زیادہ پیداواری صلاحیت کا بیج اور دیگر کاشتی امور پر توجہ دیں۔

(جاری ہے)

سورج مکھی کی فی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے مقامی طور پر تیار کردہ ہائبرڈ بیجFH-331 اور درآمد شدہ ہائبرڈ اقسام کے بیج بھی دستیاب ہیں۔ سورج مکھی کی کاشت کیلئے شرح بیج 2.5کلو گرام فی ایکڑ پودوں کی مطلوبہ تعداد اور اچھی پیداوار کیلئے ضروری ہے۔ کاشتکار وریال زمینوں کو سورج مکھی کی کاشت کیلئے 2 سے 3 مرتبہ ہل چلا کر سہاگہ دیں جبکہ فصلات کی کٹائی کے بعد والی زمین 3 سے 4 دفعہ ہل چلا کر سہاگہ دیں تاکہ زمین نرم، بھربھری اور پچھلی فصل کی باقیات سے پاک ہوجائے۔ فصل کی کاشت سے قبل زمین کا ہموار کرنا بھی فی ایکڑ زیادہ پیداوار ایک جیسی آبپاشی اور دیگر کاشتی امور کیلئے ضروری ہے۔