وادی نیلم کی خوبصورت جھیل رتی گلی تک سڑک کی تعمیر خواب بن گئی‘ کروڑوں کی خورد برد

جمعرات 2 جولائی 2015 15:28

نیلم((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء)وادی نیلم کی خوبصورت جھیل رتی گلی تک سڑک کی تعمیر خواب بن کر رہ گئی کروڑوں روپے کا منصوبہ محکمہ اور ٹھیکیدار کی ملی بھگت سے تباہی کے دھانے پر ٹھیکیدار نے سروے سے ہٹ کر اور تصریحات کے خلاف سڑک کا کام شروع کر رکھا ہے جس کی وجہ سے تیس کروڑ روپے سے زائد کا فنڈز ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

دوراریاں سے رتی گلی تک سڑک کا کام گزشتہ دس سالوں سے جاری ہے لیکن ابھی تک سڑک کی تعمیر مکمل نہیں ہو سکی کئی مرتبہ سروے سے ہٹ کرسڑک کی تعمیر کی گئی جو کہ سیلاب کے باعث تباہ ہوئی لیکن اس کے باوجود محکمہ اورٹھیکیدار سروے کے خلاف سڑک کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں کئی مقامات پر سڑک کو اتنی زیادہ چڑھائی دی گئی ہے جہاں سے فور بائی فور کی گاڑیوں کا بھی چڑھنا نا ممکن ہے جھیل کی سیاحت کیلئے جانے والے سیاح دس سال بعد بھی کروڑوں روپے کا سڑک کا کام ہونے کے باوجود پیدل سفر کر کے جھیل تک پہنچنے پرمجبور ہیں ۔

مقامی لوگوں اور سیاحوں نے حکومت آزادکشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ رتی گلی جھیل کی سڑک کی ناقص اور سروے سے ہٹ کر تعمیر کو روکا جائے اور درست سروے کے مطابق سڑک کی تعمیر کی جائے تاکہ کروڑ روپے کے ضیاع کو روکا جا ئے اور معاری سڑک کی تعمیر یقینی بنا یا جائے تاکہ سیاحت کو فروغ مل سکے۔