موروثی ‘ استحصالی سیاسی نظام کے خاتمہ کے بغیر عوامی راج قائم نہیں کیاجاسکتا ‘ طاہر کھوکھر

جمعرات 2 جولائی 2015 15:29

مظفرآباد ((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) ایم کیوایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈ محمد طاہرکھوکھر نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں گزشتہ ساٹھ سالوں سے چند مخصوص خاندانوں کی حکومت قائم ہے‘ موروثی ‘ استحصالی سیاسی نظام کے خاتمہ کے بغیر عوامی راج قائم نہیں کیاجاسکتا اور نہ ہی 98 فیصد غریب عوام کو ان کے حقوق مل سکتے ہیں۔ کارکنان کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے طاہرکھوکھر نے ساٹھ سالوں میں استحصالی سیاستدانوں نے سوائے نعروں اور ہوائی اعلانات کے عوام کوکچھ نہیں دیا جبکہ دوسری جانب ان کی جائیدادوں اور اثاثوں میں کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے ‘ آزادکشمیر کے عوام کابرادریوں کے نام پر استحصال کیاجارہا ہے اور ریاستی وسائل کو صرف مراعات طبقات کیلئے وقف کردیاگیا ہے لیکن اب عوام باشعور ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

حالیہ رکنیت سازی میں جس طرح آزادکشمیر کے عوام نے قائد تحریک الطاف حسین بھائی کے فلسفہ پر لبیک کہتے ہوئے جوش و خروش سے ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کی اس سے ثابت ہوچکا ہے کہ اب عوام اس نظام سے تنگ آچکے ہیں اور چھٹکارا حاصل کرناچاہتے ہیں ۔ طاہرکھوکھر نے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین بھائی نے جاگیرداروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں کے خلاف جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا انشاء اللہ عوام کے تعاون سے بہت جلد ان کی جدوجہد کامیاب ہو گی اور ملک بھر میں حقیقی معنوں میں انقلاب آئے گا جس کے بعد ملکی آبادی کا محض 2 فیصد مراعات یافتہ طبقہ کی حکمرانی ختم ہو گی اور اختیارات عوام کے پاس ہوں گے جس کے لیے ضروری ہے کہ عوام ایم کیو ایم کا ساتھ دیتے ہوئے غریب اور متوسط طبقہ سے تعلق رکھنے والوں کو اقتدار کے ایوانوں میں پہنچائیں جو ان کے حق میں قانون سازی کر کے ان کی خوشحالی کے لیے اقدامات اٹھائیں۔