ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کابھیانک چہرہ بے نقاب کیاہے، علی رضاسید

جمعرات 2 جولائی 2015 15:31

برسلز((اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سیدنے کہاہے کہ انسانی حقو ق کی عالمی تنظیم ”ایمنسٹی انٹرنیشنل “ نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی وسیع پیمانے پر خلاف ورزیوں اور کالے قوانین کے بارے میں رپورٹ شائع کرکے بھارت کا اصلی بھیانک اور غیرجمہوری چہرہ بے نقاب کیاہے۔برسلزسے جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مقبوضہ کشمیرکے بارے میں حالیہ رپورٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ انسانی حقوق کی اس تنظیم نے اس رپورٹ میں دنیاکے سامنے کشمیریوں کے خلاف بھارتی مظالم کے بارے میں اہم حقائق سے پردہ اٹھایاہے۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز جاری ہونے والی ایمنسٹی کی اس رپورٹ میں کہاگیاہے کہ بھارت کی مرکزی حکومت اور مقبوضہ کشمیرکی کٹھ پتلی انتظامیہ جنھوں نے غیرجمہوری قوانین کے ذریعے بھارتی سیکورٹی فورسز کو استثناء دے رکھی ہے، انصاف کے راستے میں روکاوٹ پیداکررہی ہیں۔

(جاری ہے)

علی رضاسید نے کہاکہ بھارتی حکمران پبلک سیفٹی ایکٹ اور آرمڈفورسز سپیشل پاورایکٹ جیسے کالے قوانین کو استعمال کرکے مظلوم کشمیری عوام کے خلاف سنگین مظالم کی مرتکب ہورہے ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کاکہناہے کہ آرمڈفورسز سپیشل پاورایکٹ گذشتہ پچیس سالوں سے سیکورٹی فورسزکو جموں و کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالی کی اجازت دے رہاہے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے عالمی برادری خصوصاً بڑی طاقتوں سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی گھمبیر صورتحال کا نوٹس لیں اورغیرانسانی رویئے اورکالے قوانین کے نفاذ سے بھارت کو روکیں۔ ایمنسٹی کی رپورٹ میں کہاگیاہے کہ غیرجمہوری اور غیرانسانی قوانین مقبوضہ کشمیرکے پرامن اورمعصوم شہریوں کے خلاف استعمال ہورہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :