مہاراشٹرا میں 4 ہزار ڈاکٹرز کا مطالبات کی منظوری تک ہڑتال کا اعلان

جمعرات 2 جولائی 2015 15:59

نئی دہلی۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء)بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں4 ہزار سرکاری ڈاکٹرز نے غیرمعینہ مدت کیلئے ہڑتال کااعلان کردیا۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹرزکی اس ہڑتال میں ریاستی دارالحکومت ممبئی کے2 ہزار ڈاکٹرزبھی شامل ہیں جن کے حکومت کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

مہاراشٹرا ڈاکٹروں کی یونین کے صدرنے کہا ہے کہ ان کے مطالبات میں تنخواہوں میں اضافہ، ڈاکٹروں کے تحفظ کیلئے بل پر فوراً عملدرآمد، خواتین ڈاکٹروں کیلئے زچگی کی ماہانہ چھٹی اورڈیوٹی کے اوقات مقرر کرنا شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ہمارے مطالبات کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے جس کی وجہ سے ہم نے مجبور ہوکر ہڑتال کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔