اسرائیلی حکومت نے سینکڑوں فلسطینی شہریوں کے اجازت نامے منسوخ کر دیے

جمعرات 2 جولائی 2015 16:04

مقبوضہ بیت المقدس ۔ 2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) اسرائیلی حکومت نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے سیکڑوں فلسطینی شہریوں کے غزہ کی پٹی میں داخلے کے لیے جاری کردہ اجازت نامے منسوخ کر دیے ہیں جس کے بعد غرب اردن کے فلسطینی غزہ کی پٹی میں اپنے عزیزوں کی ملاقات سے محروم ہو گئے ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق اسرائیلی وزارت دفاع کے زیر انتظام سول انتظامیہ نے اپنے ایک تازہ فیصلے میں غرب اردن کے فلسطینیوں کے غزہ کی پٹی میں داخلے کے لیے جاری کردہ اجازت نامے منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس فیصلے سے ایک روز قبل حکومت نے غزہ کی پٹی اور مغربی کنارے کے فلسطینیوں کی مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کے لیے آمد کی ایک حد مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔یہ فیصلے ایک ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب دو روز قبل مغربی کنارے میں فائرنگ کے نتیجے میں ایک یہودی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے تھے۔واضح رہے کہ ماہ صیام میں فلسطین کے تمام علاقوں سے شہری مسجد اقصیٰ میں نمازوں کی ادائی کی خواہش کے تحت بیت المقدس کے لیے رخت سفر باندھتے ہیں مگر صہیونی فوج کی جانب سے انہیں روکنے کے لیے تمام تر ہتھکنڈے استعمال کیے جاتے ہیں۔