اسلام آباد ہائی کورٹ ہرجانہ کیس، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے جواب طلب

جمعرات 2 جولائی 2015 16:26

اسلام آباد ہائی کورٹ ہرجانہ کیس، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے 30ارب روپے ہرجانے کیس میں عمران خان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان پر جرمانہ عائد کئے جانے کے ضلعی عدالت کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری سے جواب طلب کرلیا ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز جسٹس نور الحق این قریشی پر مشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی ڈاکٹر بابر اعوان نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی جانب سے دائر ہرجانہ کیس میں وہ پارٹی نہیں بلکہ عمران خان کے وکیل ہیں لیکن عدالت نے انہیں وکالت نامے پر اعتراض کا جواب نہ دینے پر جرمانہ کی سزا سنائی تھی جو غیر قانونی اور غیرمنصفانہ ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ہرجانہ کیس میں فریق نہیں ہیں لہذا وہ جواب دینے کے پابند بھی نہیں ہیں انہوں نے استدعا کی کہ عدالت عالیہ ضلعی عدالت کے فیصلے کو معطل کرے بعد ازاں عدالت نے ضلعی عدالت کی جانب سے عائد کئے گئے جرمانے کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری سے جواب طلب کرلیا آئندہ سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی گئی ۔