وزیراعلیٰ صوبے کی ترقی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بہتر منصوبہ بندی کے تحت کام کررہے ہیں،خواجہ ندیم سعید

جمعرات 2 جولائی 2015 16:56

لاہور ۔2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) آل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن (آپما) کے رہنما خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف صوبے کی ترقی و خوشحالی اور تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے بہترین منصوبہ بندی کے تحت کام کررہے ہیں، مسلم لیگ ن لاہور کے صدر محمد پرویز ملک وزیراعلیٰ کا بہترین انتخاب ہیں جو پنجاب حکومت اور تاجر برادری کے درمیان پل کا کردار ادا کررہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجر برادری کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں مختلف مارکیٹوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ خواجہ ندیم سعید وائیں نے کہا کہ مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک تاجر برادری کو درپیش مسائل حل کرانے کیلئے جو کوششیں کررہے ہیں ان کی وجہ سے نہ صرف تاجروں کا وزیراعلیٰ پنجاب پر اعتماد بڑھا ہے بلکہ تاجر برادری اور پنجاب حکومت کے مابین تعلقات بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ مستحکم ہوتے جارہے ہیں جس پرتاجر برادری پرویز ملک کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ترقی و خوشحالی کا خواب پورا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ زیادہ سے زیادہ مستحکم ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بڑی اطمینان بخش ہے کہ دیگر صوبوں کے برعکس پنجاب حکومت کو تاجر برادری کی اہمیت کا بھرپور احساس ہے اور وہ اسے سہولیات مہیا کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔ اس موقع پرآل پاکستان پیپر مرچنٹس ایسوسی ایشن کے رہنما نے تاجروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے پر ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے توقع کی کہ وہ کاروباری برادری کی بہتری کے لیے اپنی انتھک کوششیں اسی طرح جاری رکھیں گے۔