کراچی، دستیاب پانی کی منصفانہ فراہمی اور واٹربورڈ کی آمدنی میں اضافہ اولین ترجیح ہے،ایم ڈی واٹربورڈ

جمعرات 2 جولائی 2015 18:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بور ڈ سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ دستیاب پانی کی منصفانہ فراہمی اور واٹربورڈ کی آمدنی میں اضافہ اولین ترجیح ہے لہٰذا تمام چیف انجینئرز اور ایگزیکٹیو انجینئرز اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مثبت حکمت عملی وضع کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے واٹربورڈ کے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،جس میں ڈی ایم ڈی فنانس معراج الدین ، ڈی ایم ڈی پلاننگ و ایڈمن مشکور الحسنین ، افتخار احمد خان تمام ضلعی چیف انجینئرز غلام قادر عباس ،جمیل اختر ،ملک اویس ،فہیم اختر زیدی، محمد عارف خان ، امدداد مگسی نور محمد چوہان ،سنیئر ڈائریکٹر ریونیو جاوید شمیم انچارج ہائیڈرنٹس نثار مگسی ،اسٹاف آفیسر ٹو ایم ڈی الہٰی بخش بھٹو،ڈپٹی چیف انجینئر الیکٹریکل و مکینیکل اسد اﷲ خان ، حسن اعجاز کاظمی نے شرکت کی ،اس موقع پر ایم ڈی واٹر بورڈ نے کہا کہ پانی کی فراہمی خاص طور پر سیوریج سسٹم کو بہتری کی ضرورت ہے ، تمام چیف اورایگزیکٹیو انجیئرز اس طرف خاص توجہ مبذول کریں ، سیوریج کا کسی بھی علاقہ میں اوور فلو نہیں ہونا چاہئے ، میں روزانہ کی بنیاد پر مختلف علاقوں کا وزٹ کررہا ہوں ہمیں بہتری چاہئے ، ہمیں فراہمی و نکاسی آب کی لائنوں کو رواں رکھنا ہے ۔

(جاری ہے)

لیکیجز اور پائپ پھٹنے کے واقعات کا فوری سدباب کرنا ہے ، بعض جگہ سیوریج کی لائنیں بیٹھ رہی ہیں ، ان پر پوری توجہ کی ضرورت ہے ، انہوں نے سینئر ڈائریکٹر ریونیو جاوید شمیم کو ہدایت کی کہ غیر قانونی بلک کنکشنز کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے لہٰذا صنعتی یونٹوں کا وزٹ کرکے ان کے کنکشنز کا معائنہ کیا جائے اور زمینی حقائق کے مطابق ان کو ریگولرائز کریں تاکہ ریونیومیں بھی اضافہ ہوسکے، انہوں نے محکمہ جاتی سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے زیر انتظام افسران اور اسٹاف کی حاضری کے سرٹیفکیٹ فراہم کریں ،تمام گاڑیوں اور پیٹرول کوٹہ کی مکمل تفصیلات فوری فراہم کی جائیں ،ایم ڈی واٹربورڈ نے انچارج ہائیڈرنٹس اور سینئر ڈائریکٹر ریونیو کو ہدایت کی کہ تمام ہائیڈرنٹس پر ایک ہفتہ میں میٹرز لگادیئے جائیں اس سلسلہ میں کوئی عذر قابل قبول نہیں ہوگا ، ہائیڈرنٹس انچارج نے وضاحت کی کہ ہائیڈرنٹس پر میٹرز کی تنصیب سے انہوں نے منع کیا ہے اور نہ ہی رکاوٹ ڈالی ہے اور وہ اس سلسلہ میں ہرممکن تعاون کریں گے ،ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضازیدی نے چیف انجینئرز سے معلوم کیاکہ جن افسران کو نئی پوسٹنگ دی ہے وہ ان کی کارگردگی سے مطمئن ہیں اس لئے کہ یہ افسران اپنے شعبوں کا دیرینہ تجربہ رکھتے ہیں یہ تبادلے فراہمی آب کے سسٹم میں بہتری کیلئے کئے گئے ہیں ،افسران نے ان کے بارے میں مثبت رائے دی ،ایم ڈی واٹربورڈ نے توقع ظاہر کی کہ افسران اپنے تجربہ محنت و لگن سے کام کریں گے ، اس موقع پر ایم ڈی واٹربورڈ نے کمشنر کراچی کے واٹربورڈ کی بہتری کیلئے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ کمشنر کراچی نہ صرف شریف النفس بلکہ تجربہ کار سینئر افسر ہیں جو خلوص اور نیک نیتی سے کام کررہے ہیں جسے قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، افسران نے بھی کمشنرکراچی و ڈپٹی کمشنرز کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیااس موقع پر ہر چیف انجینئر نے اپنے علاقہ میں پانی و سیوریج سے متعلق امور، کارکردگی اور عوامی شکایات کے ازالہ سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا ، ایم ڈی واٹربورڈ کو بتایا گیا کہ دھابیجی ، گھارو ،پپری اور NEK پمپنگ ہاؤسز پر پانی کی فراہمی معمول پر آرہی ہے لیکن کے۔

الیکٹرک کے بریک ڈاؤن سے فراہمی آب کا شیڈول بری طرح متاثر ہوجاتا ہے اگر بجلی کا بریک ڈاؤن نہ ہو تو پانی کی فراہمی بہت بہتر ہوسکتی ہے اس لئے کہ حب ڈیم میں بھی پانی کی سطح بلند ہورہی ہے، NEKکے لیول میں بھی اضافہ ہوا ہے ،جناح اسپتال کے قریب خراب والووز کی مرمت کردی گئی ہے جس سے اسپتال کو پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی ، دھابیجی پر 21پمپس سے پانی کی فراہمی جاری ہے ،افسران نے بتایا کہ بعض علاقوں میں تنگ گلیاں ہیں اور پانی و سیوریج کی لائنوں پر لوگوں نے پختہ تعمیرات کررکھی ہیں جس سے ان علاقوں میں مرمتی کاموں کی انجام دہی میں دشواری لاحق ہوتی ہے۔

متعلقہ عنوان :