حکمرانوں نے غریب عوام کو سبز باغ دکھانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا‘ شفقت محمود

(ن) لیگ کی حکومت کرپشن اور مہنگائی پر قابو پا سکی ہے نہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر سکی ‘ وفد سے گفتگو

جمعرات 2 جولائی 2015 18:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف لاہور کے آرگنائزر و ایم این اے شفقت محمود نے کہاہے کہ موجودہ حکمرانوں نے غریب عوام کو سبز باغ دکھانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا، (ن) لیگ کی حکومت کرپشن اور مہنگائی پر قابو پا سکی ہے نہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر سکی ہے ، بار بار عوام سے جھوٹے وعدے اوردعوے کرنے والوں کے اصلیت قوم کے سامنے کھل کر آگئی ہے ،وہ پارٹی آفس میں ایم پی اے مراد راس ، شیخ امتیاز محمود اور ڈاکٹر شاہد صدیق کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کررہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوام کے مسائل وہی کے وہی ہیں حکمران صرف بھڑکیں مارنے میں مصروف ہیں، تحریک انصاف عوامی مسائل کے حل کے لئے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی ، انہوں نے کہاکہ بلدیاتی انتخابات میں تحریک انصا ف بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، کارکنوں کو نچلی سطح تک متحرک کیا جائے گا،انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کا بھی حال پیپلزپارٹی سے بدتر ہوگا کیونکہ انہوں نے بھی عوام سے کیا ہوا کوئی وعدہ پور ا نہیں کیا، جس ملک کا حکمران ٹولہ تعلیم ، صحت اور بنیادی سہولتیں دینے کی بجائے سڑکیں بنانے پر زیادہ توجہ دے وہ ملک کبھی ترقی نہیں کر سکتا۔ حکمران صرف اُسی منصوبے پر زور دیتے ہیں جس سے اُن کو مال ملتا ہو۔