کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں، نواز لیگ کو لاہور شہر میں بھی شکست دینگے‘ عبدالعلیم خان

حکومت نے رمضان المبارک میں بھی ریلیف کی بجائے تکلیف میں اضافہ کیا‘ پی پی 147کی افطاری سے خطاب

جمعرات 2 جولائی 2015 18:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) چیئرمین تحریک انصاف کے پولیٹیکل ایڈوائزر عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ پارٹی کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں ، الیکشن کا بگل بج چکا ہے اور حکومت نے اپنے امیدواروں کو سرکاری فنڈز کے ذریعے ترقیاتی کاموں کا جھانسہ دینا شروع کردیا ہے لیکن نواز لیگ خاطر جمع رکھے عمران خان اور انکے چاہنے والے لاہور شہر میں بھی بھر پور کامیابی حاصل کرتے ہوئے حکمران جماعت کو شکست سے دوچار کرینگے ۔

(جاری ہے)

پی پی 147کے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی افطار پارٹی میں خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی طرف سے بلدیاتی امیدواروں سے درخواستوں کی وصولی کا عمل جلد شروع ہونے والا ہے اور ہر حلقے سے اچھی شہرت کے حامل جیتنے والی شخصیات کو پارٹی ٹکٹ دیئے جائینگے انہوں نے دیگر جماعتوں سے رہنماؤ ں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کو خوش آئند امر قرار دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کے جلد نواز لیگ سے بھی تحریک انصاف میں شامل ہونے والے سامنے آئینگے کیونکہ موجودہ حکومت نے دو برسوں میں عوامی فلاح و بہبودکے لیے ایک ٹکے کا بھی کام نہیں کیاحتی کہ حکومت نے رمضان المبارک کا بھی احترام نہیں کیا اور عام آدمی کے لیے ریلیف کے بجائے تکلیف میں اضافہ کیا ہے کیونکہ صارفین کوکھانے پینے کی خالص اشیاء کا مناسب داموں پرملنا دشوار ہوچکا ہے ، عبدالعلیم خان نے پی پی 147کے کارکنوں کی سیاسی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں رمضان المبارک کی مبارکباددی اس حلقے سے تحریک انصاف کے امیدوار شعیب صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو عوام نے اس حلقے سے ہمیشہ پذیرائی دی ہے اور بلدیاتی الیکشن میں بھی پی ٹی آئی کے امیدواران بھرپور کامیابی حاصل کرینگے پی پی 147کی مختلف یونین کونسلوں سے پارٹی عہدیداران طاہر الطاف، حافظ رضوان، باؤجاوید، جاوید یوسف، اکرام الحق، حمزہ بٹ، منیر آفتاب بھٹی ، خضر حمید، دلدار چوہان، رانا جاوید، منظور حسین ، ڈاکٹر یونس ، افضل خان، ندیم بٹ اور عمران بٹ نے شرکت کی جبکہ مجموعی طور پر 500سے زائد کارکن افطار پارٹی میں موجود تھے اور انتظامات کے لحاظ سے یہ منفرد سیاسی افطاری تھی جس میں تمام شرکاء نے کسی افراتفری کے بغیر افطار ڈنر میں حصہ لیا، خواتین کی نمائندگی بھی موجود تھی۔