الطاف حسین لندن سے اعلان جنگ نہ کریں،الزاما ت کی صفائی کیلئے دلائل کیساتھ ثبوت دیں،میاں جمشید

مہاجر پاکستان کے خیر خواہ ہیں،سیاست سے پہلے پاکستان کی بقاء کی بات ہوگی،،وزیرایکسائز خیبرپختونخوا

جمعرات 2 جولائی 2015 18:45

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) خیبر پختونخواکے وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن ،انسداد منشیات اور ضلعی صدر پی ٹی آئی نوشہرہ میاں جمشید الدین کا کا خیل نے نوشہرہ کینٹ میں ایک افطار ڈنر میں پی ٹی آئی کے کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاہے کہ اب مائنس یا پلس الطاف حسین کی بات نہیں بلکہ ملک کے استحکام اور بیرونی سازشوں کی بروقت روک تھام کیلئے وفاق متحدہ کے بارے میں دو ٹوک فیصلہ کرے اور الطاف حسین کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے اور اس سلسلے میں تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ الطاف حسین لندن سے پاکستان کیساتھ اعلان جنگ کرنے سے گریزکریں اور اپنا رو یہ درست کرکے اپنے الزامات کے سلسلے میں دلائل کیساتھ ثبوت دیں ورنہ مقدمہ غداری کیلئے تیار رہیں کیونکہ یہ ملک الطاف حسین کے سیاسی مارشل لاء کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مہاجر ایک ہو یا دس کروڑ ہمارے لئے قابل احترام ہیں بشرطیکہ وہ پاکستان کے خیر خواہ ہوں کیونکہ اب سیاسی مفادات کی نہیں بلکہ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کی بات ہے اقتدار کو طول دینے کی پالیسی اور سیاسی مفاہمت نے ہمیشہ ملک کو نقصان پہنچایا ہے اسلئے پاکستان کے غیور عوام اب ارباب اقتدار کو مزیداس قسم کے قومی معاملات میں لیت و لعل کی اجازت نہیں دے سکتے۔