شندور انٹرنیشنل پولوفیسٹیول2015کے انعقاد کیلئے جوش وخروش سے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا

تمام متعلقہ ادارے انتظامات بروقت مکمل کریں، امجدخان آفریدی

جمعرات 2 جولائی 2015 18:51

شندور انٹرنیشنل پولوفیسٹیول2015کے انعقاد کیلئے جوش وخروش سے تیاریوں ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء)دنیا کے بلند ترین مقام شندور چترال میں کھیلے جانے والے پولو کھیل 2015کے انعقادکے لئے اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں ۔7۔اگست2015سے شروع ہونے والے اس فیسٹیول کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے وزیر برائے سیاحت امجد خان آفریدی کی زیر صدارت جمعرات کے روز پشاور میں منعقدہوا جس میں خاتون رکن صوبائی اسمبلی فوزیہ بی بی کے علاوہ سیاحت ،کھیل،سی اینڈ ڈبلیو، پاک آرمی، پبلک ہیلتھ،پی آئی اے،ضلعی انتظامیہ،پولیس ،اطلاعات اور کلچر کے محکموں کے افسران اور نمائندوں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران شندور میں مہمانوں اورشائقین کیلئے ضروری سہولیات کی دستیابی ، ذرائع آمد ورفت کی بہتری،نظم و ضبط اور حفاظتی تدابیر کو یقینی بنانے ،فیسٹیول کے بارے میں آگاہی مہم چلانے ،ضروری فنڈز مہیا کرنے ، میڈیا پر تشہیر کرنے اور شائقین اور سیاحوں کے لئے تفریحی ماحول پیدا کرنے کے سلسلے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امجد خان آفریدی نے کہا کہ شندور فیسٹیول انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

گزشتہ سالوں کی نسبت اسے رواں سال بہتر سے بہتر طریقے پر منعقدکرنے کے لئے اقدامات اٹھانا،تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ ضرورت کے مطابق فنڈزکی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی البتہ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ تمام دستیاب وسائل کو ایسے کار آمد طریقے سے استعمال میں لائیں کہ ان کے ضیاع کا احتمال نہ ہو اورایک ایک پیسہ صحیح جگہ پر خرچ ہو۔

انہوں نے شندور تک جانے والی سڑکوں اور راستوں کوبہتر بنانے،پی آئی اے کی پروازوں میں اضافہ کرنے ،صوبے اور باہر سے آنے والے مہمانوں کوبہتر سہولتیں فراہم کرنے اوراتحاد و اتفاق کے ساتھ اس تہوارکے منعقدکرنے کی ضرورت پرزوردیا۔انہوں نے افسرانکوہدایت کی کہ وہ مذکورہ تہوار کی کامیابی کے لئے باہمی روابت قائم کریں اور جہاں کہیں دشواری کا سامنا ہو تواسے بروقت ان کے نوٹس میں لایا جائے۔