جسٹس محمد نور مسکانزئی کا بیرون ملک کا دورہ، جسٹس طاہرہ صفدر بلوچستان ہائیکورٹ کی قائمقام چیف جسٹس مقرر

صدر مملکت نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی 10 دن کی رخصت کی منظوری دیدی

جمعرات 2 جولائی 2015 19:04

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) صدر مملکت ممنون حسین نے بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کے بیرون ملک دورے کے دوران جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر کو بلوچستان ہائیکورٹ کی قائمقام چیف جسٹس مقرر کردیا ہے جبکہ گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی 10 دن کی چھٹی کی منظوری دیدی ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے بھجوائی گئی ایڈوائس پر صدر ممنون حسین نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کی 10 کی رخصت کی درخواست منظور کرلی ہے وہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے 8 جولائی سے سعودی عرب جارہے ہیں اور 18 جولائی کو وطن واپس آئیں گے ، ان کی عدم موجودگی میں سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال قائمقام گورنر پنجاب کے فرائض انجام دیں گے ۔

وزارت قانون و انصاف کی سمری اور وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر نے بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد نور مسکانزئی کی جولائی کے آخری ہفتے سے لیکر 16 اگست تک کی رخصت منظور کرلی ہے ۔ وہ ایک ورکشاپ میں شرکت کیلئے بیرون ملک جارہے ہیں ۔ ان کی عدم موجودگی میں جسٹس سیدہ طاہرہ صفدر بلوچستان ہائیکورٹ کے قائمقام چیف جسٹس کے طور پر خدمات انجام دیں گی