حکومت ملک سے غربت کے خاتمے کیلئے ہرممکن اقدامات کرے

سربراہ سنی تحریک ثروت قادری کامستحقین میں اجناس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

جمعرات 2 جولائی 2015 19:10

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ غریبوں و مستحقین کی خدمت کرنا ہمارا دینی وقومی فریضہ ہے ،حکومت پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ غربت کے خاتمے کیلئے ہرممکن اقدامات کرے ۔ وہ جمعرات کو مرکز اہلسنت بابائے اردو روڈ پر غریب ومستحقین میں اجناس کی تقریب تقسیم سے خطاب کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے غربت کے خاتمے کے بجائے صرف دعوؤں سے کام لیا عملی اقدامات نہیں کئے ،پاکستان سنی تحریک اپنی مدد آپ کے تحت غریبوں کی خدمت کرتی رہے گی ،قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا جو خواب دیکھا انشاء اﷲ بانیان پاکستان کی اولادیں اسے پورا کرینگی ،حکمرانوں نے غربت کو ختم کرنے کے اقدامات نہ کرکے غریب کو ختم کیاجوآئین کی خلاف ورزی اور قومی المیہ ہے ،کراچی میں گرمی کی شدت سے 1200سے زائد انسانی جانوں کا ضیاع ہو ا جس پر وزیراعظم میاں نواز شریف نے کوئی ایکشن نہیں لیا جو جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے زخموں پر مرہم کے بجائے نمک چڑھکنے کے مترادف ہے ،انتخابات سے قبل عوام کو سہانے خواب اور جھوٹے وعدے کرنیوالوں نے عوام کو تنہا چھوڑدیا ہے ،عوامی فلاح وبہبود کی بجائے عوام کو ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبایا جارہا ہے ،عوام کو بجلی ،گیس ،پانی سے محروم رکھنے والے کسی منہ سے عوام پر ٹیکس لاگو کرتے ہیں ،عوام کے بنیادی مسائل کو حل نہیں کیا گیا تو عوام کو حقوق دلانے کیلئے سڑکوں پر آئینگے۔

(جاری ہے)

،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ تاجروں اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ ہراول دستے کا کردار ادا کیا اور کرتے رہینگے ،انہوں نے کہا کہ سب اچھا ہے کی بانسری بجانے کی بجائے حکمران طبقہ حقائق کی روشنی میں عوام کے مسائل حل کرئے ،اس موقع پر کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں بھی پاکستان سنی تحریک نے غریبوں کا ساتھ نہیں چھوڑا ہے ،غریبوں کی امداد کیلئے پورے پاکستان میں سنی تحریک کی فلاح وبہبود کیلئے خدمات قابل تعریف ہے ،تاجر برادری سنی تحریک کے ساتھ ہے ،عوام کی خدمت سے سر شار اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،اس موقع پر سندھ تاجر اتحاد کے جمیل پراچہ نے کہا کہ ثروت اعجاز قادری بھائی نے ہمیشہ تاجربرادری کو درپیش مسائل کے حل کے لئے مثبت کردار ادا کیا ہے ،سنی تحریک کی فلاحی کاوشیں قابل ستائش ہے ،اس موقع پر پاکستان سنی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما محمد شاہد غوری نے کہا کہ غربت ختم کرنے کیلئے حکمرانوں کو اپنی نیت درست کرنا ہوگی ،عوام کے بنیادی مسائل حل کئے جاتے تو ملک سے غربت کا خاتمہ ہوچکا ہوتا ،اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن عوام کی فلاح وبہبود اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کرتا رہے گا ،اب حکمران اپنا دینی وقومی فریضہ ادا کرتے ہوئے عوام کو انکے بنیادی حقوق مہیا کرنے کیلئے اقدامات کریں ،اس موقع پر علماء کرام ومشائخ اہلسنت نے بھی خطاب کیا ۔