کراچی میں موجودہ آپریشن کو منطقی انجام تک لائے بغیر سیاسی و معاشی استحکام ممکن نہیں ،ملک دشمن قوتوں کو پاکستان کی معاشی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ،وقت آن پہنچا کہ ان قوتوں کو بے نقاب کرنے کیلئے دلیرانہ فیصلے کیے جائیں

امیر انصار الامہ پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل کا ملک میں موجودہ صورت حال پر اظہارخیال

جمعرات 2 جولائی 2015 19:10

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) امیر انصار الامہ پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل کا ملک کی مجموعی صورت حال پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ۔ کراچی میں موجودہ اپریشن کو منطقی انجام تک لائے بغیر سیاسی و معاشی استحکام ممکن نہیں ملک دشمن قوتوں کو پاکستان کی معاشی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ۔اس لیے اوچھے ہتھکنڈوں سے ملک کو عدم استحکام سے دو چار کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔

کیونکہ بعض سیاسی قائدین وطن کی بیخ کنی میں پیش پیش ہیں۔ وقت آپہنچا ہے کہ بھارتی مداخلت کے ناقابل تردید شواہد اور بھارتی وزیراعظم کے جارحانہ تیور کا منطقی جواب دلیرانہ طریقے سے دیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پچھلی کئی دہائیوں سے ان سازشوں کا شکار چلا آرہا ہے۔

(جاری ہے)

جس میں بعض اپنوں اور غیروں کی مہربانیاں شامل حال رہی ہیں۔ اور مختلف ادوار میں اور پاک بھارت دوستی کے غبارے میں اس قدر ہوا بھری جاتی رہی اور ایسے موثر انداز میں پروپیگنڈہ کیا گیا گویا پاکستان کا وجوداس دوستی کے بغیر ادھورا ہے اور نتیجے میں کیا ملا؟بھارتی اسلحہ کی فہرست ‘ بھارتی تربیت شدہ پاکستانی دہشت گرد ، ملک کے امن کو تہہ و بالا کرنے ناقابل تردید شواہد ‘ایک سیاسی جماعت کے قائد ملک کے گلی کوچوں میں جنگ کرنے کا اعلان اور وزیرداخلہ بلوچستان کی بھارتی مداخلت کے خلاف چشم کشا حالیہ پریس کانفرنس اور پاکستان کو عالمی سطح پر انتہائی زہریلے پروپیگنڈے کا نشانہ بنانے کے شواہد ان تمام تر صورت حال کے پیش نظر اگر حکومت نے بین الاقوامی وقومی سطح پر دو ٹوک اقدام نہ کیے تو ملک کی سالمیت کو نظر انداز کرنے کے مترادف سمجھا جائے گا۔

اس لیے ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہوش کہ ناخن لیں اور ملک دشمن قوتوں کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے دلیرانہ فیصلے کرے۔