اداروں کی فعالی کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جائینگے، صحت، تعلیم ،امن وامان اولین حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں، وزیر صحت بلوچستان

جمعرات 2 جولائی 2015 19:48

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ نے کہا ہے کہ اداروں کی فعالی کے لئے ہرممکن اقدامت اٹھائے جائیں گے۔ صحت، تعلیم اور امن وامان مخلوط حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اداروں میں من مانیاں اور سیاسی مداخلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال میں عرب امارات کی جانب سے تحفے میں ملنے والی مشینری کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ میری کوشش ہے کہ وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اس حوالے سے ہماری ہرممکن مدد کریں۔ مشینری کی کمی کوپورا کرنے کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہاں علاج کے لئے دور دراز سے لوگ آتے ہیں جنہیں سہولیات فراہم کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی تاکہ کسی کو بنیدی سہولیات کی کمی کی شکایت کا موقع نہ ملے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ سیاسی مداخلت اور سفارشی کلچر نے ہمارے تمام ادارے تباہ کردیئے ہیں جن کی بحالی کے لئے ہماری صوبائی حکومت کوشاں ہے کہ جلد سے جلداداروں کو فعال کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو تمامتر سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کریں۔ قبل ازیں شیخ خلیفہ بن زید کے سی او اور ڈاکٹرز نے صوبائی وزیر صحت کو ہسپتال اور مشینری کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔

متعلقہ عنوان :