وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن کی صوبے بھر میں محکمہ بلدیات اور ماتحت اداروں میں شجر کاری مہم شروع کرنے کی ہدایات

جمعرات 2 جولائی 2015 19:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ شرجیل انعام میمن نے صوبے بھر میں محکمہ بلدیات اور اس کے ماتحت اداروں میں فوری طور پر شجر کاری مہم کا آغازکرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ماہ جولائی اور اگست کے دوران کراچی میں 10 لاکھ جبکہ صوبے بھر میں 30 لاکھ پودے لگائیں جائیں گے۔ جبکہ صوبے بھر میں جاری وال پرنٹنگ کو مزید وسعت دینے اور تمام وال چاکنگ کو ختم کرکے وال پرنٹنگ کو مزید تیز کرنے کی بھی ہدایات جاری کردیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے صوبے میں ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے اور صوبے میں موسمی اثرات میں جاری تبدیلیوں کے پیش نظر صوبے بھر میں فوری طور پر شجر کاری مہم کا آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں ماہ جولائی اور اگست کے دوران صرف محکمہ بلدیات اور اس کے زیر انتظام اداروں میں کراچی میں 10لاکھ جبکہ صوبے بھر میں 30 لاکھ پودے لگانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن نے اس سلسلے میں سیکرٹری بلدیات، ایڈمنسٹریٹر کراچی، ایم ڈی واٹر بورڈ اور تمام اضلاع کے ایڈمنسٹریٹرز، میونسپل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو واضح ہدایات جاری کیں ہیں کہ اس شجر کاری مہم کو فوری طور پر شروع کیا جائے اور مطلوبہ ہدف کو پورا کیا جائے۔ شرجیل انعام میمن نے صوبے میں شجر کاری کے ساتھ ساتھ وال چاکنگ کی جگہ جاری وال پرنٹنگ مہم کو بھی صوبے بھر میں تیز کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ماہ جولائی اور اگست کے دوران صوبے بھر میں شجر کاری، صفائی ستھرائی اور وال پرنٹنگ کے کاموں کو مزید تیز کیا جائے۔ کے ایم سی، واٹر بورڈ اور تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ میں اس سلسلے میں خصوصی طور پر عوامی آگاہی کے پروگرام مرتب کریں اور عوام میں شجرکاری اور اس کے فوائد کے حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے۔

متعلقہ عنوان :