کراچی، پنشن کی ادائیگی میں باقاعدگی نہ لانے پر ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کو دوسری بار توہین عدالت کا نوٹس جاری

جمعرات 2 جولائی 2015 21:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس عزیز الرحمن نے پنشن کی ادائیگی کے نظام میں باقاعدگی نہ لانے پر ریٹائر پنشنرز کے نمائندے اسماعیل شہیدی کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر مسلسل دوسری بار پیش نہ ہونے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی ،فنانشیل ایڈوائزر کے ایم سی اور ڈائر یکٹر ویلفیئرپنشن کے ایم سی کو توہین عدالت کی کاروائی کا 14جولائی کو پیش ہونے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سجن یونین (سی بی اے) کے ایم سی کے صدر سیدذوالفقارشاہ اور جسٹس ہیلپ لائن کے صدر ندیم شیخ ایڈوکیٹ کی 80ہزار ملازمین وپنشنرز کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے لیے بروقت OZTگرانٹ اور چھ ماہ کا پراپرٹی ٹیکس جاری نہ کر نے پر سیکریٹری فنانس اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو 14جولائی کے لیے نوٹس جاری کردیا جبکہ ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی وڈی ایم سیزکو تنخواہوں ادانہ کرنے پر بھی ان سے جواب طلبی کرلی ہے ۔

(جاری ہے)

کے ایم سی وڈی ایم سیزکے 80ہزار ملازمین وپنشنرز کو تنخواہیں وپنشن ادانہ کرنے کے خلاف سجن یونین (سی بی اے) کے ایم سی کے صدر سیدذوالفقارشاہ اور جسٹس ہیلپ لائن کے صدر ندیم شیخ ایڈوکیٹ کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت آج جسٹس عقیل احمد عباسی اور جسٹس عزیز الرحمن پر مشتمل ڈویژ ن بینچ کے روبر و ہوئی ۔سماعت کے موقع پر ریٹائر پنشنرز کے نمائندے اسماعیل شہیدی نے عدالت کو بتایا کہ آج ملک بھر میں حبیب بینک کی کسی بھی برانچ سے کے ایم سی کے کسی بھی پنشنرز کو پنشن ادانہیں کی گئی ہے جبکہ ویلفیئر مسلسل دوتاریخوں سے نوٹسز جاری ہونے کے باوجود عدالت میں حاضر نہ ہوکر توہین عدالت کے مرتکب ہورہے ہیں لہٰذا انکے خلاف دائر درخواست پر توہین عدالت کی کاروائی کی جائے ۔

اس پر عدالت نے 14جولائی کے لیے نوٹس جاری کرنے کا حکم دے دیا جبکہ سیدذوالفقارشاہ اور ندیم شیخ ایڈوکیٹ کی درخواست کی سماعت کے موقع پر انہوں نے عدالت کوبتایا کہ کے ایم سی کے ملازمین ایک ماہ بلدیہ جنوبی کے ملازمین تین ماہ کی تنخواہوں ،فائر بریگیڈکے ملازمین پانچ ماہ کے فائر رسک الاؤنس اور دیگر ڈی ایم سیز کے ملازمین ایک ایک ماہ کی تنخواہ اور پنشنرز 3سے9ماہ کی ماہوار پنشن کی ادائیگی سے محروم ہیں ۔

انہوں نے بتایا عدم ادائیگی کی اصل وجہ OZTگرانٹ اور اسپیشل گرانٹ کے اجراء میں مسلسل تاخیر اور پراپرٹی ٹیکس کی دوسہ ماہیوں کی حکومت سندھ کے محکمہ فنانس کی جانب سے عدم ادائیگی ہے لہٰذا چیف سیکریٹری سندھ ،سیکریٹری فنانس اور سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کے خلاف عدالتی احکا مات کی عدم عدولی پر ان کے خلاف کاروائی کی جائے ۔اس پر عدالت نے 14جولائی کے لیے سیکریٹری فنانس وسیکریٹری لوکل گورنمنٹ کوحاضر ہوکر تحریری طور پر حاضر ہوکر اپنی پوزیشن واضع کرنے کا حکم جاری کردیا مقدمے کی سماعت عدالت کا وقت ختم ہونے پر پٹشنرز درخواست پر عدالتی چیمبر میں کی گئی سماعت کے موقع پر بلدیہ جنوبی کے وکیل صلاح الدین ایڈوکیٹ،ندیم شیخ ایڈوکیٹ ،سلیم مائیکل ،محمد اسماعیل شہیدی اور سیدذوالفقارشاہ کے علاو ہ پنشنرز اور ملازمین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔

متعلقہ عنوان :