کوہاٹ میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پانچ پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کیلئے تمام حفاظتی انتظامات مکمل

جمعرات 2 جولائی 2015 21:26

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء ) کوہاٹ میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں پانچ پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کے لیے تمام تر حفاظتی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ محمد صہیب اشرف کے دفتر سے جاری ہونے والے سیکیورٹی پلان کے مطابق پانچ جولائی کو ری پولنگ کے موقع پر بد نظمی اور ہنگامہ آرائی کی حوصلہ شکنی کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن حفاظتی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں ۔

پولنگ کے روز سیکیورٹی امور میں معاونت کے لیے فوج سٹینڈ بائی رہے گی جبکہ دفعہ 144کے نفاذ کے تحت ہر قسم کے اسلحہ کی نمائش اور پولنگ سٹیشن کے اندر موبائل فون لے جانے پر بھی پابندی عائد ہو گی اور ضلع کے تمام پرنٹنگ پریس 3تا5جولائی کو سیل کر دیئے جائینگے ۔

(جاری ہے)

ہر پولنگ سٹیشن پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہو گی اور خواتین پولنگ سٹیشنوں پر لیڈی پولیس کی تعیناتی کے علاوہ لیڈ ی ہیلتھ ورکرز کی خدمات بھی حاصل رہیں گی ۔

ہر پولنگ سٹیشن کے دو سوگز کے احاطے میں سیکیورٹی زون قائم کیا جائیگا۔ خواتین پولنگ سٹیشنوں کے اندر مرد سپروائزروں اور ووٹروں کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی ۔جن پولنگ سٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ہو گی ان میں خواتین کے تین پولنگ سٹیشن اور مرد و خواتین کی دو مشترکہ پولنگ سٹیشنز شامل ہیں ان پولنگ سٹیشنوں میں یونین کونسل خرماتو سے ملحقہ گورنمنٹ مڈل سکول ڈھیری بانڈہ ،تحصیل لاچی کی یونین کونسل درملک کے ایک پولنگ سٹیشن گورنمنٹ پرائمری سکول حسن بانڈہ لاچی اور شکردرہ اربن ٹوکے تین پولنگ سٹیشنوں ،گورنمنٹ پرائمری سکول جانک شکردرہ ، گورنمنٹ مڈل سکول پکہ ٹوپی شکردرہ اور گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول رحمان آباد شکردرہ کی کل آبادی کے مجموعی طورپر آٹھ ہزار مرد و خواتین رجسٹرڈ ووٹرز پانچ جولائی کو اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

بلدیاتی انتخابات میں ری پولنگ کے حوالے سے ڈی پی او کوہاٹ نے تما سرکل ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ او ز کے علاوہ پولنگ سٹیشنوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کو امن و امان برقراررکھنے اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے پولنگ سٹیشنوں پرانتخابی عمل کے دوران کسی بھی موقع پر بدنظمی اور ہنگامہ آرائی کے مرتکب شرپسند عناصر سے سختی سے نمٹنے کا حکم دے دیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :