الخدمت فاوٴنڈیشن و دیگر این جی اوز کے تحت (کل )”یوم یتامیٰ“ منایا جائے گا

جمعرات 2 جولائی 2015 21:31

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء)دنیا بھر کے اسلامی ممالک کی طرح پاکستان میں الخدمت فاوٴنڈیشن پاکستان او ر دیگر این جی اوز( آج )جمعہ کو یوم یتامیٰ بھرپور طریقے سے منائیں گی۔ مختلف این جی اوز کی 13 رکنی کمیٹی نے اس دن کو مشترکہ طور پر منانے کا فیصلہ کیا تھا، ان این جی اوز میں ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ‘ تعمیر ملت فاوٴنڈیشن‘ غزالی ایجوکیشن ٹرسٹ‘ اسلامی ریلیف‘ صراط الجنت‘ خبیب فاوٴنڈیشن‘ ایدھی ہومز‘ ریڈ فاوٴنڈیشن‘ مسلم ایڈ اور مسلم ہینڈز سمیت دیگر شامل ہیں۔

یوم یتامیٰ کے حوالے سے خصوصی پروگرامز کا اہتمام کیا جائے گا،ا س موقع پر یتیموں کی سرپرستی اور کفالت کاشعور اجاگر کیا جائے گا‘ جمعرات کو سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان نے اپنے ایک بیان میں نے کہا کہ الخدمت فاوٴنڈیشن 4,300 یتیموں کی کفالت کر رہی ہے اور ہر یتیم کی کفالت ماہانہ بنیاد پر 3,000 اور سالانہ 36,000 روپے سے کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ رواں برس الخدمت فا?نڈیشن 10 ہزار بچوں کی کفالت کا ہدف حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں لاکھوں یتیم بچے وسائل سے محروم ہیں انہیں تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولتیں حاصل نہیں ہیں۔ الخدمت فا?نڈیشن اپنے 6 سینٹر (آغوش) کے ذریعے بھی سیکڑوں بچوں کی کفالت کررہی ہے۔ نعمت اللہ خان نے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت سنت رسول ہے اور اس کا اجر بھی بہت بڑا ہے۔ الخدمت فاوٴنڈیشن 15رمضان المبارک کو یوم یتامیٰ منا رہی ہے جس میں دیگر این جی اوز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یتیموں کی کفالت کے حوالے سے شعور و آگہی کی ضرورت ہے اس دن کی مناسبت سے آگہی پیدا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اہل خیر افراد کو چاہیے کہ یتیموں کی کفالت کے لیے الخدمت فاوٴنڈیشن کے منصوبے میں اس کا ساتھ دیں۔