امام حسن کی سیرت امن و وحدت اور بیداری کا درس دیتی ہے،متحدہ علماء محاذ

جمعرات 2 جولائی 2015 21:32

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء)متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام مرکزی سیکریٹریٹ گلشن اقبال میں مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر نواسہٴ رسول شبیہ رسول ابن بتول پیکر دیانت و شرافت سیدنا امام حسن ابن علی کے یوم ولادت کے موقع پر محفل مذاکرہ سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مکاتب فکر کے علماء مشائخ نے سیدنا امام حسن کی سیرت و کردار پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے امت مسلمہ کے لئے مشعل راہ قرار دیا۔

علماء نے کہا کہ نواسہٴ رسول سیدنا امام حسن کی ذاتِ اقدس امت مسلمہ کے لیے یکجہتی اور بین المسالک ہم آہنگی کا درس دیتی ہے، آپ نے صرف اتحاد امت کی خاطر مسند خلافت امیر شام حضرت معاویہ کے سپرد کردی تاکہ اقالیم اسلامی میں خون خرابہ نہ ہو۔

(جاری ہے)

حضرت امام حسن کی شخصیت بحیثیت خلیفہ یا مجاہدہر لحاظ سے مشعل راہ ہے آپ نے اپنے مختصر ترین دور خلافت میں نامساعد حالات کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کی، آپ دوست دشمن کو اچھی طرح پہچانتے تھے جس کا اظہار آپ کے خطبات میں بھی ہوتاہے۔

رسول اکرمﷺ نے فرمایا تھا میرا یہ بیٹا امت کے دو گروہوں میں صلح کرائے گا چنانچہ آپ نے 41ہجری کو مسند خلافت سے دستبرداری اختیار کرکے صلح کرلی اور ایک بار پھر عالم اسلام وسعت پانے لگا۔ بحیثیت مجاہد آپ نے عہد عثمان غنی میں بھی مختصر معرکوں میں شرکت کی۔ اصحاب رسول و اہل بیت اطہار کی حرمت پر جان قربان کرنے والوں کا آپس میں کوئی اختلاف نہیں سب یزیدی قوتوں کے خلاف متحد ہوجائیں۔

غرباء مساکین اور بھوکوں کو کھانا کھلانے والوں نے مدینہ منورہ میں سیدنا امام حسن کے تاریخی دسترخوان کی مثال کو زندہ کرکے حب اہل بیت کا ثبوت دیاہے۔ امام حسن کی سیرت امن و وحدت اور بیداری کا درس دیتی ہے۔ اس موقع پر علماء نے کے الیکٹرک کوشدیدگرمی سے ہلاکتوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اسے حکومتی تحویل میں لیے جانے کا مطالبہ کیا علماء نے کہا کہ حکومت شہر کے مختلف علاقوں میں قبرستان کے لئے وسیع پیمانے پر زمین مختص کرنے کافوری اعلان کرے۔