بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ صحت کے 9 ڈاکٹروں اور دیگر افسران کو کام میں غفلت ، غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری

جمعرات 2 جولائی 2015 21:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ صحت کے 9 ڈاکٹروں اور دیگر افسران کو کام میں غفلت ، غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی روشن علی شیخ نے مختلف ہیٹ اسٹروک سینٹرز کا اچانک دورہ کیا جہاں کام کو تسلی بخش نہ ہونے کے باعث شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ سینٹرز کے انچارجز کو تنبیہی نوٹس اور شوکاز جاری کرنے کی ہدایت کی ہے جس پر ان افسران کو شوکاز جاری کردیئے گئے جن میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور دیگر افسران شامل ہیں۔

جن افسران کو شو کاز نوٹس جاری کیا گیا ہے ان میں سوبھراج میٹرنٹی اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد علی ،ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سلیم بھولا والا اور ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ممتاز بشیر جبکہ کے ڈی اے ونگ کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سلیم میمن فوکل پرسن 1122 سروس ڈاکٹر انور سہیل ، میڈیکل آفیسر حادثات عباسی شہید اسپتال ڈاکٹر آفاق اور ٹرانسپورٹ انچارج 1122 ایمبولینس ریسکیو میڈیکل اینڈ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے ایم سی مسٹر فضل شامل ہیں جبکہ عباسی شہید اسپتال کے میڈیکل آفیسر حادثات ڈاکٹر صوفیہ اور ڈاکٹر اظہر کو تنبیہی نوٹس جاری کیا گیا ہے اس اقدام کا مقصد ہیٹ اسٹروک مینجمنٹ کے سلسلے میں قائم کئے گئے طبی مراکز میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ رویے کے مظاہرے کا سدباب کرنا اور ان طبی مراکز کی کارکردگی کو بہتر بناتے ہوئے شہریوں کو زیادہ بہتر علاج معالجے کی خدمات مہیا کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس موقع پر کہا کہ ہنگامی صورتحال میں بلدیہ کے محکمہ صحت میں ایمرجنسی لگی ہوئی ہے جبکہ ڈاکٹروں کو زیادہ احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے تاکہ ایمرجنسی میں آنے والے ہیٹ اسٹروک کے مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ڈیوٹی پر مامور ملازمین و افسران کی غیر ذمہ داری اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :