سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاوٴس کے کمیٹی نمبر 4 میں بارش کا پانی داخل ہونے پر ملتوی

چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر محمد یوسف بادینی کا سی ڈی اے انتظامیہ کی نااہلی اور ناقص کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار

جمعرات 2 جولائی 2015 21:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاوٴس کے کمیٹی نمبر 4 میں بارش کا پانی داخل ہونے پر ملتوی کر دیا گیا۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی سینیٹر محمد یوسف بادینی نے سی ڈی اے انتظامیہ کی نااہلی اور ناقص کارکردگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت دی کہ آئندہ اس طرح کی غفلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا سی ڈی اے انتظامیہ کی نا اہلی پر کمیٹی کی طرف سے چیئرمین سی ڈی اے کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مشاہد الله خان کمیٹی چیئرمین و ممبران کمیٹی محمد یوسف بادینی، احمد احسن، ستارہ ایاز، نگہت مرزا، ثمینہ عابد کے علاوہ سیکریٹری وزارت عارف احمد خان، آئی جی فاریسٹ، سید ناصر محمود، ڈی آئی جی ڈاکٹر شہزاد ، ڈی جی انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی ڈاکٹر خورشید بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین کمیٹی اور ممبران نے کراچی میں شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے اموات پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ،وفاقی وزیر مشاہد الله خان نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں اس وقت پاکستان کا اہم ترین مسئلہ ہے جس کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں ۔

سنجیدگی سے متفقہ لائحہ عمل تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین کمیٹی اور ممبران نے اس بات پر زور دیا کہ ادارہ جاتی رابطوں کو مزید مضبوط کیا جائے تاکہ آئندہ حادثات کو روکا جا سکے۔