نیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز نے مالی سال 2014-15ء کے بجٹ کی منظوری دیدی

آئندہ مالی سال 2015-16ء کا بجٹ مالیاتی کمیٹی تیار کرے گی۔ اے این ایف کے سکولوں کے اساتذہ کے اعزازیہ میں پانچ ہزار اور آیا کا اعزازیہ دو ہزار تک بڑھا دیا گیا

جمعرات 2 جولائی 2015 22:52

اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) نیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن (اے این ایف) کے بورڈ آف گورنرز نے مالی سال 2014-15ء کے بجٹ کی منظوری دیدی۔ آئندہ مالی سال 2015-16ء کا بجٹ مالیاتی کمیٹی تیار کرے گی۔ اے این ایف کے سکولوں کے اساتذہ کے اعزازیہ میں پانچ ہزار اور آیا کا اعزازیہ دو ہزار تک بڑھا دیا گیا۔ جمعرات کو نیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس وزیر مملکت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں اے این ایف، ووکیشنل اور ٹیکنیکل ٹریننگ کے حوالے سے مختلف ایجنڈا امور زیر غور لائے گئے۔ اجلاس میں اے این ایف کے 42 سکولوں کے اساتذہ کے اعزازیہ میں پانچ ہزار اور آیا کے اعزازیہ بڑھا کر دو ہزار کرنے کی منظور دی گئی جبکہ تعلیم کے فروغ میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ کو مزید ایک ہزار روپے دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اے این ایف رواں سال سے شریعت کے قوانین کے مطابق اسلامی بینکاری میں سرمایہ کاری کرے گا۔

بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں شرکت کرنے والے ممبران کے اعزازیہ اور ٹی اے ڈی اے کی بھی منظوری دی گئی۔ اسلام آباد کے ممبران کے لئے پانچ ہزار روپے اور دیگر شہروں سے آنے والے ممبران کے لئے کم سے کم سفری اخراجات اور پانچ ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ اجلاس میں دو کمیٹیاں ایگزیکٹو کمیٹی اور مالیاتی کمیٹی بنائی گئی۔ اجلاس نے ادارے کے بجٹ 2014-15ء کی منظوری دی جبکہ بورڈ آف گورنرز کی منظوری کے مطابق مالی سال 2015-16ء کا بجٹ مالیاتی کمیٹی تیار کرے گی۔ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری امتیاز تاجور، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر اللہ بخش، رفیق طاہر (جے ای اے)، شیزہ خان، زاہدہ فاطمہ، مشرف زیدی اور دیگر بورڈ ممبران اور وزارت کے حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :