عمران فاروق کے قاتلوں کو برطانیہ لانے کے انتظامات کئے جائیں، کوئی بھی شخص پاکستان کے حوالے نہ کیا جائے، برطانوی وزارت داخلہ سے منسوب بیان

عمران فاروق قتل کیس سے متعلق نجی ٹی وی چینل پر نشر کی گئی خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے ، ایسی خبروں سے گریز کیاجائے ،ترجمان وزارت داخلہ کاردعمل

جمعرات 2 جولائی 2015 22:55

لندن ؍اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 02 جولائی۔2015ء) برطانوی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما عمران فاروق کے قاتلوں کو برطانیہ لانے کے انتظامات کئے جائیں، کوئی بھی شخص پاکستان کے حوالے نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو نجی ٹی وی کے مطابق برطانوی وزارت داخلہ نے عمران فاروق قتل کیس میں پاکستانی تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کے خلاف سازش کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا اور انہوں نے برطانوی حکومت سے سفارشات کیں کہ کوئی بھی شخص پاکستان کے حوالے نہ کیا جائے اور عمران فاروق کے قاتلوں کو برطانیہ لانے کیلئے انتظامات کئے جائیں۔

دوسری جانب وزارت داخلہ نے عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کی گئی خبر کو من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے ، وزارت داخلہ کے ترجمان نے کہا کہ ایسی بے بنیاد اور من گھڑت خبروں سے عمران فاروق قتل کیس کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے اس لئے کیس کی نزاکت کے باعث میڈیا سے گزارش ہے کہ وہ حساس معاملات پر ایسی من گھڑت اور بے بنیاد خبریں نشر کرنے سے گریز کرے۔