گوجرانوالہ ٹرین حادثہ،نہر سے مزید 4 لاشیں نکال لی گئیں، جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہو گئی

جمعہ 3 جولائی 2015 11:41

گوجرانوالہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء ) گوجرانوالہ میں ہیڈ چناواں کے قریب پل ٹوٹنے کے باعث نہر میں گرنے والی ٹرین کی بوگیوں سے مزید 4 لاشیں نکال لی گئی جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہو گئی ۔ گزشتہ روز پنوعاقل سے کھاریاں جانے والی ٹرین ہیڈ چناواں کے قریب پل ٹوٹنے کے باعث نہر میں گر گئی تھی جس کے نتیجے میں 4 فوجی افسروں سمیت 14 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

جمعہ کی صبح جب ریسکیو آپریشن دوبارہ شروع کیا گیا تو مزید 4 لاشیں نکال لی گئیں جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 18 ہو گئی ۔

(جاری ہے)

لاشوں کی شناخت صوبیدار میجر اسلام، نائیک عارف اور نصیر کے ناموں سے ہوئی ہے جب کہ ایک لاش بچے کی تھی۔ پاک فوج کے دو ہیلی کاپٹر اور سپیشل سروسز گروپ کے ماہر غوطہ خور ہیڈ چھناواں کے قریب امدادی کارروائیوں میں مصروف رہے ۔

دوسری طرف ریلیف انجن کو پل تک پہنچانے کیلئے متاثرہ ٹریک کی مرمت کا کام جاری رہا۔ کور کمانڈر گوجرانوالہ براہ راست امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرتے رہے۔ پنو عاقل سے کھاریاں جانے والی ٹرین گزشتہ روز دن بارہ بجے کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔ ٹرین میں چھ مسافر بوگیوں کے علاوہ اکیس مال بردار بوگیاں بھی تھیں۔