کراچی،قانون نافذکرنے والے اداروں نے عزیز آباد سے 1شخص کو فطرے کی پرچیوں سمیت گرفتار کرلیا

جمعہ 3 جولائی 2015 12:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)قانون نافذکرنے والے اداروں نے کراچی کے علاقے عزیز آباد سے 1شخص کو فطرے کی پرچیوں سمیت گرفتار کرلیا ہے۔دوسری جانب ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ رینجرز کی جانب سے کراچی کے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کو ان کے گھروں سے گرفتار کیا جارہا ہے۔رینجرزنے ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاونڈیشن کے لیے زکواة فطرے کے عطیات وصول کرنا جرم بنادیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عزیزآباد کے علاقے بھنگوریا گوٹھ سے 1شخص کو گرفتار کرکے فطرے کی پرچیاں برآمد کرلی ہیں۔ ملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے ۔دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو سے جاری بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا ہے کہ رینجرز کراچی کے مختلف علاقوں میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کو گرفتار کرہی ہے۔

(جاری ہے)

رینجرز نے بلدیہ ٹاؤن سے ایم کیو ایم کے 3کارکنوں قادر، دانش اور محمد نعیم کو ان کے گھروں سے گرفتار کیا، اسکیم 33 کے علاقے سے کارکن محمد علی کو ان کے گھر سے گرفتار کیا، جبکہ بھنگوریہ گوٹھ سے بھی چھاپوں اور گرفتاریوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ یہ گرفتاریاں ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاونڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کو طاقت کے ذریعے روکنے کی مزموم کوشش ہے۔

کراچی میں کالعدم تنظیمیں اور مذہبی جماعتیں کھلے عام زکواة فطرہ وصول کرہی ہیں، لیکن رینجرز نے ان کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی، رینجرز نے ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاونڈیشن کے لیے زکواة فطرے کے عطیات وصول کرنا جرم بنا دیا ہے، شہر بھر میں ایم کیو ایم کے ذمہ داروں اور کارکنان کو گرفتار کیا جارہا ہے اور ان پر مقدمات بنائے جارہے ہیں۔ رابطہ کمیٹی انسانی حقوق کی انجمنوں سے اپیل کی کہ وہ کراچی میں ایم کیو ایم کے کارکنوں کی گرفتاری کے خلاف آواز بلند کریں۔