عوام کی جان ومال اورعزت وآبرو کی حفاظت ہماری ترجیحات ہیں،ڈی پی او رحیم یارخان

جمعہ 3 جولائی 2015 14:22

رحیم یار خان ۔3 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) ڈی پی او رحیم یارخان طارق مستوئی نے کہا ہے ضلع کے عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت ہماری ترجیحات ہیں ۔ اہلکار مقاصد کے حصول کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب سروس کمیشن کے تحت مقابلہ کے امتحان میں کامیابی حاصل کر کے اے ایس آئی سے سب انسپکٹر ترقی پانے والے محمد سلیم درگھ کو رینک لگاتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ ، شر پسند اور سماج دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے جس کے لئے رحیم یار خان پولیس ایک ٹیم کی صورت میں کام کر رہی اور یہ سلسلہ جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ مظلوم کی داد رسی اور ظالم کی سر کوبی کے لئے ایک پیٹرن ہے جس پر گامزن ہیں جس میں کسی قسم کی تبدیلی اور لچک کی گنجائش نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ضلع کے عوام کی جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت ، امن امان کو برقرار رکھنا اور سکیورٹی ان کی ترجیحات ہیں۔

(جاری ہے)

جس پر کوئی سمجھوتا ممکن نہیں اس لئے اہلکار بھی اس مشن میں اپنی تمام تر صلاحیتیں اور توانائیاں صرف کریں تا کہ امن کے گہوارہ ضلع کو کسی بھی بد خواہ کے شر سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے سب انسپکٹر کی سیٹ پر کامیابی حاصل کرنے پر محمد سلیم درگھ کو مبارک باد دی اور ڈی ایس پی لیگل جاوید اقبال باجوہ کے ہمراہ انہیں ترقی کے بیج لگائے ۔