تیسرا ٹیسٹ :چائے کے وقفے پر سری لنکا نے4وکٹیں کھو کر153رنزبنا لیے

جمعہ 3 جولائی 2015 14:29

تیسرا ٹیسٹ :چائے کے وقفے پر سری لنکا نے4وکٹیں کھو کر153رنزبنا لیے

پالی کیلے (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار 3 جولائی ۔2015ء ) پالی کیلے ٹیسٹ کے پہلے دن سری لنکا نے چائے کے وقفے پر 4 وکٹ کے نقصان پر 153رنز بنا لیے ہیں ۔ پالی کیلے انٹر نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں جاری میچ میں سری لنکن اوپنرز نے دفاعی انداز اپنا یا تاہم 15کے مجموعی سکور پر کوشل سلوا 9رنز بنانے کے بعد راحت علی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں جکڑے گئے ۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والے اپل تھرنگا نے کارونارتنے کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے سکور میں 91رنز کا اضافہ کیا ۔ تھرنگا 46رنزبنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر یونس خان کے ہاتھوں جکڑے گئے ۔ نئے آنے والے بلے باز لاہیرو تھریمانے کچھ خاص کر نے میں ناکام رہے اور 11رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر متبادل کھلاڑی بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔

(جاری ہے)

کپتا ن اینجلو میتھیوز 3رنز بنانے کے بعد پاکستانی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کے نتیجے میں پریشر میں آئے اور یاسر شاہ کو مڈوکٹ باؤنڈری پر شاٹ کھیلتے ہوئے بابر اعظم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے ۔ کارونارتنے نے 7سال میں پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے جیہان مبارک کے ساتھ مل کر پاکستان کو مزید کوئی وکٹ لینے سے محروم رکھا اور سری لنکا نے چائے کے وقفے پر 4وکٹیں کھو کر 153رنز بنا لیے ۔

کارونارتنے 70 اور جیہان مبارک 9رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں ۔پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3اور راحت علی نے 1شکار کیا ۔ قبل ازیں پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ قومی ٹیم میں تیسرے ٹیسٹ کے لئے 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ وہاب ریاض، جنید خان، محمد حفیظ اور ذوالفقار بابر کی جگہ شان مسعود، عمران خان، احسان عادل اور راحت علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہے، پہلے ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے جب کہ دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔