مون سون کے دوران بجلی صارفین کو حفاظتی تدابیر پر عملد رآمد کی ہدائت

جمعہ 3 جولائی 2015 14:41

فیصل آباد۔3جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)نے صارفین بجلی کو ہدائت کی ہے کہ وہ موسم برسات کے دوران حادثات یا کرنٹ لگنے کے واقعات سے بچنے کیلئے حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ جانی و مالی نقصان کا احتمال ختم ہو سکے۔ فیسکو کے ترجمان نے کہا کہ صارفین کپڑے سکھانے کیلئے دھاتی تار ہر گز استعمال نہ کریں۔

(جاری ہے)

اسی طرح برقی آلات کیلئے تھری پن شوز کا استعمال کروایا جائے جبکہ ان چیزوں کی ارتھنگ کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں، کپڑے استری کرتے وقت پیروں تلے خشک لکڑی کا ٹکڑا رکھیں اور ہاتھ گیلے ہونے کی صورت میں براہ راست بجلی کی تنصیبات کو نہ چھوا جائے اور مویشی وغیرہ بھی کھمبوں کے ساتھ باندھنے سے گریز کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ مون سون اور موسم برسات کے دوران بجلی کے ممکنہ حادثات سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کیا جائے اور کسی برقی تنصیب ، بجلی کے پول وغیرہ میں کرنٹ آنے کی صورت میں اس کی فوری اطلاع فیسکو ایمر جنسی سنٹرفون نمبر 118یا قریبی سب ڈویژنل آفس کمپلینٹ سنٹر یا فیسکو کسٹمر سروس سنٹر پر دی جائے تا کہ بروقت امدادی کاروائی سے جانی و مالی نقصان کو بچایا جا سکے ۔