عید الفطر کی آمد کے باعث شہدائے پولیس کی بیوگان اور بچوں میں عید گفٹس و امدادی رقوم کی تقسیم شروع

جمعہ 3 جولائی 2015 14:43

فیصل آباد۔3جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمدسکھیرا کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں عید الفطر کی آمد کے باعث فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر کے شہدائے پولیس کی بیوگان اور بچوں میں عید گفٹس و امدادی رقوم کی تقسیم شروع کر دی گئی ہے جو اپنے پیشہ وارانہ فرائض کی سرانجام دہی کے دوران دہشت گردی کی وارداتوں، خود کش حملوں ، بم دھماکوں اور دوران ڈیوٹی جام شہادت نوش پا گئے تھے ۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ریجنل پولیس کے ذرائع نے بتایاکہ پولیس ویلفیئر فنڈ سے یہ رقوم اور عید گفٹس شہدائے پولیس کے لواحقین کے گھروں میں پہنچائے جا رہے ہیں تا کہ انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا جا سکے ۔ انہوں نے بتایاکہ گفٹس و امدادی رقوم کی تقسیم عیدالفطر سے دو تین روزقبل مکمل کر لی جائیگی۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں 250کے قریب شہدائے پولیس ملازمین اور دوران سروس انتقال پا جانے والے اہلکاروں میں یہ عید گفٹس تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ پنجاب بھر میں ہزاروں شہدائے پولیس کے پسماندگان میں امدادی رقوم اور تحائف تقسیم کئے جا رہے ہیں۔