فیصل آباد میں چکن ، چھوٹے و بڑے گوشت کی مہنگے داموں فروخت ،شہریوں کی جانب سے اقدامات کی اپیل

جمعہ 3 جولائی 2015 14:44

فیصل آباد۔3جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے تمام تر دعوؤں کے برعکس ڈویژن بھر کے اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ میں ناجائز منافع خور قصابوں کی جانب سے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے مقرر کردہ نرخوں سے کہیں زیادہ ریٹس وصول کر کے بلیک میں گوشت کی فروخت جاری ہے ، اس سلسلہ میں جاری کی گئی پرائس کنٹرول لسٹوں پر بھی عملدر آمد نہ کیا جا رہا ہے۔

انجمن تحفظ حقوق صارفین فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان چوہدری فرید احمد نے بتا یا کہ ڈویژن کے مختلف مقامات پر مرغی ، بڑے و چھوٹے گوشت کے نرخ مقرر کئے گئے ہیں لیکن ریٹ لسٹوں کے برعکس زائد قیمت پر گوشت فروخت کیاجارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگر مقررہ نرخوں پر گوشت فراہم کرنے پر اصرار کیاجائے تو صارفین کو انتہائی ناقص گوشت تھما دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ انتظامی حکام اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے ارکان زبانی جمع خرچ میں مصروف ہیں جبکہ عملی طور پر صارفین کو ناجائز منافع خور مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑدیاگیاہے۔ انہوں نے کہاکہ جو شخص روزانہ ہزاروں روپے کی ناجائز منافع خوری کرتاہے اسے دو چارسو روپے جرمانہ کرکے چھوڑ دیا جاتاہے جس کے بعد وہ پہلے سے بھی زیادہ ڈھٹائی کے ساتھ اپنا ناجائز دھندا شروع کردیتاہے۔انہوں نے ناجائز منافع خوروں کو فوری طور پر گرفتار کر کے کم ازکم ایک ماہ کیلئے جیل بھیجنے کا بھی مطالبہ کیاہے تاکہ ناجائز منافع خور مافیا کی حوصلہ شکنی یقینی ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :