خیبر پختونخوا بلدیاتی انتخابات،358پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ 5جولائی کو ہوگی

جمعہ 3 جولائی 2015 15:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) خیبرپختونخوا میں 30 مئی کوہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے دوران ہنگامہ آرائی اور دھاندلی سے متاثر358پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ 5جولائی کو ہوگی ۔حکومت نے ان پولنگ اسٹیشنوں پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے علاوہ فوج کو بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا میں 5 جولائی کو ہونیوالے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے دوران 14 اضلاع کے اْن 358پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ ووٹ ڈالے جائینگے جہاں 30 مئی کو ہونیوالی پولنگ میں ہنگامہ آرائی یا دھاندلی ہوئی تھی جن پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ہوگی ان میں سب سے زیادہ تعداد 87 نوشہرہ ‘ کرک میں 70 ،چارسدہ میں 45 جبکہ مردان میں 42 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں ۔

پشاور میں ایسے پولنگ اسٹیشنزکی تعداد30 ہے جہاں پر دوبارہ انتخابات ہو رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

بنوں میں 28 ،صوابی 17 ،لکی مروت اور ڈی آئی خان میں 8، 8 اورایبٹ آباد میں 7 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے انتظامات کئے گئے ہیں۔کوہاٹ اور مانسہرہ میں 5 ،5 ، ہنگو میں 3 اور بونیر میں ایک پولنگ اسٹیشن میں دوبارہ انتخاب ہوگا۔ ان انتخابات کے بعد متعلقہ نیبر ہڈ اور ویلج کونسلز کے حتمی نتائج کا اعلان کیا جائیگا، دوسری جانب حکومت نے 30 مئی ہی جیسی صورتحال سے بچنے کیلئے اس انتخابی عمل میں امن وامان کے قیام کیلئے فوج بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :