بینکوں سے رقوم نکلوانے پر عائد ود ہولڈنگ ٹیکس واپس لیا جائے، مرزا فضل الرحمن

جمعہ 3 جولائی 2015 15:30

سلانوالی۔3جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)سرگودھا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ بینکوں سے رقوم نکلوانے پر عائد وِد ہو لڈنگ ٹیکس فوری طور پر واپس لے کیو نکہ اِس سے نہ صرف تاجر برادری بری طرح متاثر ہو گی بلکہ نقد لین دین کا رجحان بڑھنے سے بینکنگ سیکٹر تباہ ہونے کا خدشہ ہے ۔ مرزا فضل الرحمٰن نے کہا کہ بینکوں سے رقوم نکلوانے پر عائد وِد ہولڈنگ ٹیکس نے تاجر برادری میں بے چینی کی لہر دوڑا دی ہے ، کیونکہ اِس سے کاروباری معاملات مزید خراب ہونے کا اندیشہ ہے ۔

انہوں نے کہا اِس ود ہو لڈنگ ٹیکس سے نقد لین دین میں اضافہ ہو گاجس سے ایک تو بینکنگ سیکٹر زوال پذیر ہو گا اور دوسری طرف چوروں وڈاکوؤں کی چاندی ہو جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ بینکوں کے ذریعے لین دین کم ہونے سے غیر دستاویزی معیشت کو فروغ حاصل ہو گا جو کسی طرح بھی حکومت کے مفاد میں نہیں ہے، حکومت بلا واسطہ ٹیکسز لگانے کی بجائے تاجر برادری کو سہولیات دے تاکہ دوسرے تاجروں کی حوصلہ افزائی بھی ہو ۔

(جاری ہے)

مرزا فضل الرحمٰن نے مزید کہا کہ حکومت وِد ہولڈنگ ٹیکس کے نفاذ جیسے اقدامات اُٹھانے کی بجائے ٹیکس نیٹ کو وسعت دے تو زیادہ بہتر نتائج حاصل ہو نگے ۔ اُنہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت اِنکم ٹیکس کی شرح بھی کم کرئے جس سے تاجر برادری کو ریلیف ملے گا۔