مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقو ق کی پامالیوں بارے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ چشم کشا ہے

جمعہ 3 جولائی 2015 15:34

سرینگر ۔3 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (آر )کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹرعبدالمجید ترمبو اور دینی تنظیموں جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر اور مسلم دینی محاذنے جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو عالم انسانیت کے لیے چشم کشا قراردیا ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جے کے ایل ایف (آر) کے سرپرست اعلیٰ بیرسٹرعبدالمجید ترمبو نے ایک بیان میں ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر دنیا کے ان خطوں میں شامل ہے جہاں سب سے بڑی تعداد میں فوجی تعینات ہیں جنہیں آرمڈ فورسز اسپیشل پاور زایکٹ کے تحت حاصل غیر معمولی اختیارات کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں روز المیے جنم لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے رپورٹ میں درج اعداد شمار سے متعلق یہ بات واضح کی کہ اگر چہ ایمنسٹی نے حقائق کو منظر عام پہ لانے کیلئے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں لیکن اعداد و شمار کے حوالے سے سرکاری ذرائع قابل بھروسہ نہیں ہیں۔بیرسٹرعبدالمجید ترمبونے یورپی ممالک سمیت سبھی انصاف پسند ممالک کے سربراہوں سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر کے عوام کو قتل وغارت گری سے بچانے کیلئے موثر اقدامات کریں اور انہیں انکے حقوق دلوانے کیلئے اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد کیلئے اپنا اثرو رسوخ استعمال کریں۔

جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ سے واضح طور پر بھارت کی اْن ظالمانہ کارروائیوں پر سے پردہ اْٹھایا گیا ہے

جن کا آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ اور دیگر کالے قوانین کی آڑ میں بھارتی فوجی ، پولیس اہلکاراور دیگر ایجنسیاں مظلوم کشمیری عوام کو نشانہ بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ 72صفحات پر مشتمل رپورٹ میں واضح طور پرکہاگیا ہے کہ گزشتہ 25برس کے دوران سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 43ہزار افراد جاں بحق ہوئے ہیں حالانکہ حقیقت میں یہ تعداد اس سے بہت زیادہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس عرصے کے دوران 10ہزار سے زائد کشمیریوں کو دوران حراست لاپتہ کردیا گیا ہے اور مقبوضہ علاقے کے دسیوں مختلف مقامات پر لاوارث قبرستان بھی موجود ہیں جہاں جعلی مقابلوں کے دوران شہید کئے گئے بے گناہ افراد کوگمنام قبروں میں دفن کیا گیا ہے اور نقد انعامات اور ترقیوں کے لیے جعلی کارکردگی رپورٹیں بناکر، اپنی ہی حکومت کی بیوقوف بنایا گیا۔

جماعت اسلامی نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ رپورٹ کا سنجیدہ نوٹس لیں اور ایک غیرجانبدارعالمی ادارے کے ذریعے کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث تمام فوجی اور پولیس اہلکاروں کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں باضابطہ مقدمہ دائر کریں۔ مسلم دینی محاذنے ایک بیان میں حقوق انسانی کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی فتح قرار دیا ہے۔

پارٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہاکہ بھارت اقوامِ عالم کوگمراہ کرنے کیلئے مقامی و بین الا قوامی فورموں پرکشمیر کے حوالے سے جمہوریت، انسانی حقوق،زیرو ٹالرنس،امن و امان اورمذاکرات کے سریلے راگ الاپ رہا ہے جبکہ کشمیر میں بھارتی فوجی کالے قوانین کی تلوار سے عوام پر ظلم وتشدداورقتل و غارت کے پہاڑ توڑ رہے ہیں۔