برطانوی آئل کمپنی کی امریکی دعویٰ کے جواب میں 18.7 ارب ڈالر معاوضہ ادا کرنے پر رضامندی

جمعہ 3 جولائی 2015 15:39

واشنگٹن ۔3 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) خلیج میکسکو میں 2010ء میں ڈرلنگ کے دوران تیل رسنے کے واقعے پر نامور برطانوی آئل کمپنی (بی پی) نے امریکی دعویٰ کے جواب میں 18.7 ارب ڈالر معاوضہ ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق امریکا اور گلف آف میکسکو کے 5 ساحلی ممالک کے ساتھ طے پانے والے اس معاہدے میں، برطانوی آئل کمپنی نے کہا ہے کہ وہ 18 برس تک ہر سال ایک ارب ڈالر سے زائد سالانہ ادا کر ے گا۔

سمندر کے اندر ایک 1.6 کلومیٹر گہرائی میں واقع تیل کے کنویں میں دھماکے سے سطح سمندر پر موجود 11 افراد ہلاک ہوگئے تھے اور آئل رگ کی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا تھا جس کے بعد اگلے کئی ہفتوں تک3 ملین بیرل سے زائد تیل رس کر سمندر میں بہتا رہا اور بمشکل ہی کنویں کو بند کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

حادثے کے قریب، نیو اورلین میں امریکی جج اس سال کے اوائل میں اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ کمپنی نے کنویں کے استعمال میں غیرمعمولی غفلت برتی ہے۔

امریکی اٹارنی جنرل لوریتا لِنچ کے مطابق اگر عدالت معاہدے کی منظوری دے دیتی ہے تو یہ امریکا کی تاریخ کا سب سے بڑا تصفیہ ہوگا۔انہوں نے کہا ہے کہ موصول ہونے والی رقم ساحلی ممالک کی معیشت، ماہی گیری اور سمندری حیات کو پہچنے والے ماحولیاتی نقصان کی بحالی کے لئے استعمال کی جائے گی۔واضح رہے کہ 4.5 ارب ڈالر کے جرمانے سمیت، تیل بہنے سے متعلق لاگت پہلے ہی بڑھ کر 42 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔