پاکستانی ٹیم سری لنکا کو شکست دے سکتی ہے‘ عرفان

جمعہ 3 جولائی 2015 15:53

پاکستانی ٹیم سری لنکا کو شکست دے سکتی ہے‘ عرفان

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) دوبارہ فٹنس حاصل کرنے والے فاسٹ باوٴلر محمد عرفان کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم میں سری لنکا کو پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں شکست دینے کی صلاحیت موجود ہیں جبکہ انہوں نے محدود اوورز کی کرکٹ میں حالیہ تبدیلیوں کو اپنے حق میں استعمال کرنے کی امید کا بھی اظہار کیا۔قذافی اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فٹنس حاصل کرنے کے لیے انہوں نے بھرپور محنت کی۔

(جاری ہے)

دراز قد عرفان جنہوں نے اپنا آخری ایک روزہ میچ ورلڈ کپ کے دوران جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلا تھا، نے کہا کہ تین ماہ تک کرکٹ سے دور رہنے کے دوران وہ سخت محنت کرتے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہاب ریاض کی انجری پاکستان کے لیے دھچکا ہے تاہم وہ پرامید تھے کہ ان کی ٹیم سیریز میں کامیابی حاصل کرکے چیمپئنز ٹرافی 2017 کے لیے اپنی راہ ہموار کرلے گی۔انہوں نے کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ وہاب ایک روزہ سیریز میں واپس آجائے، میرے خیال میں ہمارے پاس سیریز جیتنے کی صلاحیت موجود ہے۔