تعلیم وتحقیق انسانی زندگی میں شائستگی اور روشن خیالی لاتی ہے، ارشد سلیم

جمعہ 3 جولائی 2015 16:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) پاکستان تعلیم کے ذریعے ہی ترقی کرسکتا ہے اس لیے ہمیں اپنی نئی نسل کو اعلیٰ تعلیم و تحقیق سے آراستہ کرنا ہوگا۔ اِن خیالات کا اظہار شہید بے نظیربھٹو یونیورسٹی بے نظیر آباد ( نواب شاہ )کے وائس چانسلر ارشد سلیم نے نیوپورٹس انسٹیٹیوٹ آف کمیونکیشن اینڈ اکنامکس میں کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقعہ پر نیوپورٹس انسٹیٹیوٹ کی وائس چیرپرسن ہما بخاری ، ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمن، رجسٹرار سلمان جمال ، ڈپٹی ڈائریکٹر وقار الحسن و دیگر فکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

ارشد سلیم نے کہا تعلیم کے ساتھ تحقیق انسانی زندگی میں شائستگی اور روشن خیالی لاتی ہے جس سے تعلیم مربوط ہم آہنگ اور مکمل ہونے میں مدد ملتی ہے تاکہ وہ انسان کی ذہنی ، جسمانی اور جذباتی نشوونما کا باعث بنے انہوں نے کہا کہ تحقیق کا اصل مقصد ایسے پُر اعتماد باصلاحیت اور روشن خیال افراد پیدا کرنا ہوتا ہے جو زندگی کے مسائل سے جوانمردی اعتماد اور کامیابی سے مقابلہ کرسکیں اور معاشرے میں ایک فعال اور مفید کردار ادا کریں تاکہ ملک تیزی سے ترقی کی طرف گامزن ہو۔

(جاری ہے)

نیو پورٹس انسٹیٹیوٹ کی وائس چیئرپرسن اور QEC کی ڈائریکٹر ہمابخاری نے کہا کہ ہمارے انسٹیٹیوٹ کا محور ہائرایجوکیشن کے تعاون سے طلباء کو معیاری نصابی و تحقیقی تعلیم دینا ہے تاکہ طلباء کی کردار سازی اور شخصیت کی تعمیر بھی ہو اور وہ معاشرے کے اچھے شہری بن سکیں تاکہ ملک کی تعمیروترقی میں اوّل دستہ کاکردار ادا کریں۔