کراچی، پی سی ڈی ایم اے کے انتخابات انعقاد سے قبل ہی اختلافات کا شکار ہوگئے

جمعہ 3 جولائی 2015 16:17

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء)کمرشل امپورٹرز کی نمائندہ پاکستان کیمیکلز اینڈ ڈائز مرچنٹس ایسوسی ایشن(پی سی ڈی ایم اے) کے نئے انتخابات برائے سال2015-16 انعقاد سے پہلے ہی اختلافات کا شکار ہو گئے۔پی سی ڈی ایم اے کے نئے انتخابات ستمبر2015میں ہونے ہیں اور اس بار چیئرمین ڈائز سے منتخب کیاجائے گا تاہم ایسوسی ایشن میں گروپ بندی ہوگئی ہے جس کی وجہ سے ممبران میں شدید تحفظات پائے جارہے ہیں۔

پی سی ڈی ایم اے کے بعض ممبران کا کہناہے کہ ڈائز سے تعلق رکھنے والے ایک گروپ کے سربراہ ایسوسی ایشن میں الیکشن کے بجائے سلیکشن کے لیے لابنگ کررہے ہیں اور وہ اپنے ایک قریبی عزیز کو پی سی ڈی ایم اے کا نیا چیئرمین منتخب کروانا چاہتے ہیں جس کی ممبران کی اکثریت کی جانب سے شدید مخالفت کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ممبران کی اکثریت نے ایسوسی ایشن کے نئے چیئرمین کے سلیکشن کے بجائے الیکشن پر زور دیااور کسی بھی قسم کی لابنگ کا حصہ بننے سے انکار کر دیاہے جبکہ ممبران کی جانب سے براہ راست چیئرمین کے انتخاب کی مخالفت بھی زور پکڑ گئی ہے۔

ممبران نے اس خدشے کا بھی اظہار کیاہے کہ ایسوسی ایشن میں پسند ناپسند کی بنیاد پر چیئرمین کے انتخاب سے کمرشل امپوٹرز کے مفادات کو دھچکا پہنچے گا جس سے درآمدی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہونے کے ساتھ ساتھ کمرشل امپورٹرز کے مسائل حل ہونے کے بجائے مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔پی سی ڈی ایم اے کے ممبران نے ایسوسی ایشن میں گروپ بندی کے بجائے یکجہتی پر زور دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ کمرشل امپورٹرز کے بہترین مفاد میں اکثریت رائے کااحترام کرتے ہوئے ایسوسی ایشن کے آئندہ انتخابات میں نئے چیئرمین کا انتخاب سلیکشن کے بجائے بذریعہ الیکشن یقینی بنایا جائے تاکہ ممبران میں پائے جانے والے تحفظات کو دور کیاجاسکے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیاد پر حل ہوسکیں۔