سرینگر‘بھارتی پولیس نے جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ کو گھر میں نظربند کردیا

جمعہ 3 جولائی 2015 16:25

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنماء اور جموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ کو بھارتی پولیس نے گھر میں نظربند کردیا ہے۔سرکاری ٹی وی کے مطابق کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نماز جمعہ کے بعد بانڈی پورہ کے علاقہ صفاپورہ میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرنا تھا۔ پارٹی کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارتی پولیس کے ایک دستے نے جمعرات کی شب شبیر شاہ کے گھر کا محاصرہ کر کے انہیں گھر میں نظربند کردیا۔

انہوں نے حریت رہنماء کی سیاسی سرگرمیوں پر قدغن کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے حریت قائدین کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔دریں اثناء شبیر احمد شاہ نے سرینگرمیں جاری ایک بیان میں اپنا یہ موقف دوہرایا کہ مسئلہ کشمیر ایک سیاسی مسئلہ ہے اور کشمیری عوام اس کے منصفانہ حل کیلئے اپنی آخری سانس تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مسئلہ کشمیر کے سلسلے میں پاکستان اور بھارت کے موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی،فوجی اور مذہبی قیادت کشمیریوں کے حق اور اصولوں پر مبنی جدوجہد آزادی کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوہے جبکہ دوسری طرف بھارت اور اس کے مقامی آلہ کارکشمیریوں کی حق بر جدوجہد کو کمزور کرنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہے ہیں۔شبیر احمد شاہ نے جموں وکشمیر کو ایک پولیس اسٹیٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے پر امن مظاہرین پر پیلٹ گن اور پیپر گیس کا مسلسل استعمال جاری ہے اور ایک سازش کے تحت کشمیری نوجوانوں کی بینائی چھین کر ان کی دنیا کو اندھیروں کی جانب دھکیلا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :