جموں وکشمیر اسلامک ڈیموکریٹک پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس، پارلیمانی بورڈ قائم کر دیا گیا

جمعہ 3 جولائی 2015 16:27

کوٹلی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 03 جولائی۔2015ء) جموں وکشمیر اسلامک ڈیموکریٹک پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس، پارلیمانی بورڈ قائم کر دیا گیا۔ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران اپنی درخواستیں 27رمضان المبارک تک ارسال کر سکتے ہیں۔ پارٹی اجلاس میں تمام حلقوں سے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جموں وکشمیر اسلامک ڈیمو کریٹک پارٹی کا اہم اجلاس پارٹی رابطہ آفس میں منعقد ہوا۔

اجلاس کی صدارت پیرسیّد علی اظہر شاہ کاظمی ایڈووکیٹ چےئرمین آئی ڈی پی نے کی جبکہ بلال فاروق خان ایڈووکیٹ مرکزی سیکرٹری جنرل نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دےئے۔ پارٹی اجلاس میں مرکزی عہدیداران ، ضلعی صدور، تحصیل و یونٹ صدور و سیکرٹری جنرل حضرات، خواتین ونگ، طلباء یوتھ ونگ کے سربراہان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آزاد خطے کی تازہ ترین سیاسی صورتحال سمیت مجموعی ملکی صورتحال سمیت مجموعی ملکی صورتحال، گلگت بلتستان انتخابات، تحریک آزادی کشمیر، مسئلہ کشمیر بھارت کی پاکستان میں مداخلت، دہشت گردی کی بھارتی پشت پناہی،پارٹی امور تنظیم سازی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور تفصیلی غور وحوض کے بعد آئندہ انتخابات میں امیدواران کی نامزدگیوں سمیت جملہ اسمبلی و ممکنہ بلدیاتی انتخابات کے لیے پارلیمانی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے جس کے مطابق مرکزی چیف آرگنائزر جماعت IDPڈاکٹر بشیر طاہر کو چےئرمین پارلیمانی بورڈ، مرزا عبداللطیف سینئر وائس چےئرمین کو وائس چےئرمین پارلیمانی بورڈ،ر ضاعلی موسوی کو سیکرٹری پارلیمانی بورڈ، آمنہ عباسی کو ڈپٹی سیکرٹری پارلیمانی بورڈ نامزد کیا گیاہے۔

سیکرٹری اطلاعات آئی ڈی پی سیّد عابد کاظمی نے صحافیوں کو بتایا کہ پارٹی تمام حلقوں سے انتخاب میں حصہ لے گی اور کلین سویپ کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہم کرپشن ، برادری ازم کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کے لیے میدان میں آئے ہیں۔ ہماری جدوجہد اسلامی جمہوری انقلاب کے لیے ہے۔ اجلاس کے آخر میں برما کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعا کی گی اور مرکزی سیکرٹری مالیات عنائت بخاری کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی گئی۔